یوم علیؓ کے موقع پر ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق این سی او سی میں یوم علی کے انعقاد سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اورقومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے کی۔ جب کہ وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، جب کہ صوبائی سیکرٹریزاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

این سی او سی کے مطابق اجلاس میں ملک بھر اور خاص طور پر بڑے شہری مراکز میں کوویڈ کے پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر ہر طرح کے جلوس پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مجالس کے انعقاد کی اجازت سخت کوویڈ ایس او پیز کے تحت ہوگی، فورم نے فیصلوں پر عمل درآمد کے لئے صوبائی اور ضلعی سطح پر مذہبی اسکالرز اور کمیونٹی رہنماوٴں کو شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ادھر وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز نے ملک میں افریقی اور برازیلی کورونا وائرس کی اقسام رپورٹ ہونے کی تصدیق کر دی۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ افریقی اور برازیلی کورونا کی کنٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر دی ہے لیکن وائرس کی قسم کوئی بھی ہو، ایس اوپیز پر عمل میں تحفظ ہے، ماسک پہننا یقینی بنائیں، گھر سے بلا ضرورت باہر مت نکلیں۔ سماجی فیصلے کو عمل طور پر یقینی بنائیں۔سندھ کی وزیر صحت عذرا فضل پیچوہو نے بھی تصدیق کی ہے کہ آغا خان یونیورسٹی کراچی میں لیے گئے نمونوں میں نئی اقسام کے کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ برطانوی قسم تیزی سے پھیلتی ہے جبکہ جنوبی افریقا اور برازیلی اقسام کے وائرس سے اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ ویکسین کرانے کے باوجود وائرس کی یہ قسم شہریوں کو لگ سکتی ہے۔دوسری جانب نئی اقسام کے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے فلائٹ آپریشن محدود کر دیا گیا ہے۔ این سی او سی کی جانب سے قائم خصوصی کمیٹی بیرون ملک سے آنیوالے مسافروں سے متعلق پالیسی پر عملدآمد یقینی بنانے کی پابند ہوگی۔ معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل کمیٹی کے سربراہ جبکہ بریگیڈیر احتشام الحق ڈائریکٹر آپریشنز ہوں گے۔ضلعی انتظامیہ، ضلعی محکمہ صحت اور تمام ائرپورٹس مینیجر بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ وزارت صحت ہیلتھ پروٹوکول، اے ایس ایف اور ایف آئی اے انتظامی معاملات دیکھنے کی پابند ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں