سورہ نساء میں معاشرتی اور خاندانی استحکام کے لیے وراثت کی تقسیم کے واضح اصول بیان کیے گئے ہیں ، دردانہ صدیقی

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی)سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ رب کائنات نے ہمیں قرآن حکیم کی صورت میں جو ضابطہ حیات دیا ہے ، اس میں خاندان کی تنظیم ، اسلامی معاشرت کے تحفظ اور استحکام کے حوالے سے اہم جامع اور بنیادی احکامات دیے گئے ہیں، انسانوں کو تاکید کی گئی ہے کہ خاندان کے تعلقات درست رکھیں، صلہ رحمی کریں، یتیموں کے مال کی حفاظت کریں اور خواتین کے حقوق ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ تفسیر القرآن کے موقع پر سورہ نساء اور سورہ آل عمران کی تفسیر بیان کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سورہ نساء میں معاشرتی اور خاندانی استحکام کے لیے وراثت کی تقسیم کے واضح اصول بیان کیے گئے ہیں ۔ دردانہ صدیقی نے مزید کہا کہ سورہ آل عمران امت مسلمہ کے لیے ہدایت نامہ ہے۔جس میں اللہ پر بھروسہ، صبر اور تقویٰ کی روش اختیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ دو مرکزی ستونوں ایمان اور تقوی پر مشتمل ہے اگر ان دونوں میں سے ایک بھی کمزور ہوجائے تو امت کمزور ہوجائے گی لہذا امت کو کتاب وسنت کو مضبوطی سے تھامنا ہوگا ۔ مسلمانوں کا باہمی اتفاق واتحاد اور مضبوط تنظیم کا ہونا امت مسلمہ کے غلبے کے لئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سورہ آل عمران میں سود کی واضح ممانعت موجود ہے،سود کو حب دنیا کا سبب قرار دیا گیا۔ انسان کے دل میں اس سے طمع اور لالچ پیدا ہوتی ہے اور سب سے بڑھ کر اسے اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جنگ قرار دیا گیا۔سوچنے کی بات یہ ہے کہ اللہ اور رسول کے ساتھ حالت جنگ میں مسلمان معاشرہ کیسے ترقی کرسکتا ہے ۔ اللہ تعالی ہمیں قرآن کو صحیح طور سے سمجھنے، اس پر عمل کرنے، ایک امت بننے اور انتشار سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں