حضرت خدیجہ رضہ کی ذات جذبہ ایثار و قربانی اور مال و دولت سے بے نیازی کا مظہرتھی،دردانہ صدیقی

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکریٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 10 رمضان المبارک کو یوم وفات حضرت خدیجہ رضہ اور یوم باب الاسلام کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حضرت خدیجہ رضہ کی ذات جذبہ ایثار و قربانی اور مال و دولت سے بے نیازی کا مظہر تھی۔انہوں نے دل و جان سے اپنے آپ کو اور اپنی تمام دولت کو اسلام کے لیے وقف کر دیا تھا ۔ وہ ہر مشکل و آزمائش میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ساتھ دیتی رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت بھی تاریخ کا حصہ ہے کہ نزول وحی کے سب سے پہلے مرحلے سے لے کر آخری سانس تک خدیجہ رضہ نے

رسالت و نبوت کی نہ صرف دل و جان سے تصدیق کی بلکہ اس کی نشر و اشاعت اور توسیع کے لئے ہر مرحلے پر ساتھ دیا۔ حضرت خدیجہ رضہ اپنی دولت، اثر و رسوخ اور فہم و فراست سے کام لے کر مکی دور میں ہر نازک موقع پر اسلام کے لئے ڈھال بنی رہیں۔حضرت خدیجہ الکبری کی حیات پاک مسلم خواتین کے لیے ایک مثالی اور قابل تقلید نمونہ ہے۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ یوم باب الاسلام برصغیر میں اسلام کی آمد اور اشاعت دین کا ایک تاریخ ساز باب ہے۔ یہ اس خطے میں اسلام اور مسلمانوں کی آمد ، ان کی تاریخ ساز فتح اور اس خطے کو اسلام کے نور سے منور کرنے کا وہ یادگار دن ہے جو درحقیقت ہمارے لئے دین پر استقامت، اسلام اور اسلامی شعار پر عمل، عزم نو اور تجدید عہد کا مظہر ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ نوجوان نسل کو محمد بن قاسم کو اپنا آئیڈیل بنانا چاہیے جنہوں نے سندھ کی مظلوم بیٹی کی پکار پر لبیک کہا اور یہ خطہ اسلام کی روشنی سے منور ہوا۔ محمد بن قاسم نے یہاں جس نظام کی بنیاد رکھی اس کی پہچان عدل، رواداری، تحمل، حاکمیت الہی اور معاشرتی فلاح تھی۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج پھر دنیا بھر میں ظلم و ستم کا راج ہے ۔امریکی، اسرائیلی اور بھارتی پنجہ استبداد نے مسلم بچیوں اور عورتوں پر عرصہ حیات تنگ کیا ہوا ہے دنیا بھر کے مظلوم مسلمان پھر کسی محمد بن قاسم کی راہ تک رہے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم حکمران اور نوجوان محمد بن قاسم کی کی سیرت کو اپنائیں تاکہ دنیا سے ظلم اور جبر کا خاتمہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں