کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی جیل سے رہا

لاہور (نیوز ڈیسک) کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے تعلقات عامہ کے افسر نے اس پیش رفت کی تصدیق کردی ہے۔سعد رضوی کی رہائی قومی اسمبلی کے اجلاس میں فرانسیسی سفیر کو واپس بھیجنے کی قرارداد پیش کیے جانے سے چند گھنٹے قبل سامنے آئی ہے۔فرانسیسی صدر کو ملک بدر کرنا ٹی ایل پی کا بنیادی مطالبہ ہے۔ کارکنان کی بڑی تعداد سعد حسین رضوی کے استقبال کے لیے موجود ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعد رضوی کچھ دیر بعد چوک یتیم خانہ میں دھرنے سے خطاب کریں گے ۔

قومی اسمبلی کا 22 اپریل 2021 جمعرات کو دن 2 بجے ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے۔ ایوان زیریں کا اہم اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت آج سہ پہر تین بجے ہوگا، جس میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے حوالے سے قرارداد پیش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کالعدم جماعت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق قومی اسمبلی ایوان کو آگاہ کریں گے۔ٹوئٹر پر جاری اپنے وڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومتی وفد اور تحریک لبیک پاکستان کے رہنماؤں کے درمیان یہ بات طے پائی ہے کہ آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کی جائے گی اور تحریک لبیک لاہور میں اپنے مرکز مسجد رحمت العالمین سمیت ملک بھر سے دھرنے ختم کردے گی۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ بات چیت اور مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا اور جن لوگوں کےخلاف شیڈول فورتھ سمیت مقدمات درج ہیں، ان کا اخراج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں