کیوی کپتان کین ولیمسن اور آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی روزہ رکھنے لگے

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) کیوی کپتان کین ولیمسن اور آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر بھی روزہ رکھنے لگے۔ سن رائزرز حیدر آباد کے سکواڈ میں شامل مسلمان کرکٹرز راشد خان، مجیب الرحمن، محمد نبی اور خلیل احمد آئی پی ایل کے دوران بھی باقاعدگی سے روزے رکھ رہے ہیں، ساتھی کھلاڑیوں کین ولیمسن اور ڈیوڈ وارنر نے بھی ان کے ساتھ روزہ رکھا اور افطار بھی کیا۔راشد خان نے افطاری کے موقع پر دونوں کرکٹرز سے گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی، ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ’اچھا محسوس کررہے ہیں

مگر پیاس اور بھوک تو بہت لگی ہے گلا بھی خشک ہو رہا یہ ایک مشکل کام ہے‘۔ یہی سوال نیوزی لینڈ کے کپتان اور آئی پی ایل میں انجری کے باعث ابھی تک پہلا میچ نہ کھیل سکنے والے کین ولیمسن سے ہوتا ہے تو وہ بتاتے ہیں کہ ’وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں‘۔سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے کھیلنے والے کین ولیمسن، راشد خان، مجیب الرحمن، محمد نبی، خلیل احمد اور کپتان ڈیوڈ وارنر کے روزہ رکھنے سے متعلق اطلاعات ایک ایسے وقت میں سوشل میڈیا پر آئیں جب دنیا بھر میں مسلمان روزے رکھ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں