ون ڈے رینکنگ، بابراعظم نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا، ویرات کوہلی سے پہلی پوزیشن چھین لی

لاہور (نیوز ڈیسک)پاکستانی کپتان بابراعظم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے نمبر ون بلے باز کی پوزیشن چھین لی۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے، اور اس بار پاکستان ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم کو دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر رکھا گیا ہے۔پاکستانی کپتان بابر اعظم سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف ، ظہیر عباس اور جاوید میاں داد کے بعد نمبر ون بننے والے چوتھے پاکستانی ہیں، جب کہ بابر اعظم نے نمبر ون بلے باز بن کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی

5 سال سے قائم بادشاہت کاخاتمہ کیا ہے، بھارتی کپتان 2017 سے ون ڈے بیٹنگ میں نمبر ون پوزیشن پر قابض تھے۔آئی سی سی رینکنگ میں بابر اعظم 865 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 857 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر دھکیل دیئے گئے ہیں، اور انہی کے ہم وطن روہت شرما تیسری، نیوزی لینڈ کے روس ٹیلر چوتھی، آسٹریلیا کے ایرون فنچ پانچویں، انگلینڈ کے جونی بیراسٹو چھٹی، پاکستان کے فخر زمان ساتویں ، جنوبی افریقا کے فاف ڈوپلیسی آٹھویں، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نویں اور ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ دسویں نمبر پر ہیں۔بابراعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں پر مشتمل سیریز میں 76 کی اوسط سے 228 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔سیریز شروع ہونے سے قبل بابراعظم آئی سی سی کی بیٹنگ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود تھے۔ بابراعظم ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے جب کہ ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں نمبر ہر موجود ہیں۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے بلے بازوں کی جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں فخر زمان پانچ درجے بہتری کے بعد ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف لگاتار دو میچوں سنچری اسکور کرنے والے اوپنر فخر زمان نے ٹاپ ٹین بلے بازوں میں جگہ بنا لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں