خولہ خان کا حا پلواما اور شوپیاں کے اضلاع میں کشمیری نوجوان کی شہادتوں پر سخت تشویش کا اظہار

اسلام آباد(پی کے نیوز)چیئرپرسن خان آف منگ ویلفیئر ٹرسٹ ومرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی خواتین ونگ خولہ خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کی مسلسل شہادتوں کی مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے حالیہ دنوں پلواما اور شوپیاں کے اضلاع میں کشمیری نوجوان کی شہادتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی آرمڈ فورسس سپیشل ایکٹ کے تحت ناجائز اختیارات کو کشمیریوں کا قتل عام کرنے خصوصاً نوجوانوں کو مارنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام میں خوف و ہراس پھیلانا ہے

تا کہ ان پر دباؤ برقرار رکھا جاسکے اور انہیں جدوجہد آزادی سے روکا جاسکے۔واضح رہے کہ گذشتہ چند دنوں میں تلاشی اور چیکنگ کے دوران شوپیاں کے علاقے جان محلہ اور پلواما کے علاقے نیبوغ میں سات کشمیری نوجوان بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مارے جاچکے ہیں۔ فوجیوں نے آپریشن کے دوران شوپیاں میں ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچایا۔انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اگرچہ صحافی انسانی حقوق کے مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر میں ان صحافیوں پر پابندی ہے جو انسانی حقوق کو اجاگر کرتے ہیں اور کشمیریوں کے قتل عام کی رپورٹنگ کرتے ہیں۔ اظہار رائے کی آزادی پر پابندی اور میڈیا پر قدغن عالمی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔انھوں نے مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع پلواما میں جمعرات کی رات کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں خصوصی جیل میں قیدیوں پر تشدد کی بھی مذمت کی۔انہوں نے ۱۹۹۳ میں لال چوک سری نگر میں ان ۱۲۵ شہیدوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا جو بھارتی فوج کی طرف سے ۵۹ مکانات اور ۱۹۰ دوکانوں کو جلائے جانے کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ سخت مشکلات اور مصائب کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ملین بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہیں جو کشمیریوں کے حقوق غصب کررہے ہیں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری حق پر ہیں جو اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ بھارت غلط اور ظالمانہ طریقے سے ان کے حقوق دبا رہا ہے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کے لیے ذمہ دار ہے۔ انھوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھی اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے عالمی برادری اور عالمی سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں