نواز شریف کی جعلی میڈیکل رپورٹس بنانیوالوں کی اب خیر نہیں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی جعلی میڈیکل رپورٹس بنانے والوں کو نشان عبرت بنانا چاہئے، نوازشریف کی وطن واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ درست فیصلہ ہے، شہزاد اکبر کو قانونی کاروائی کیلئے برطانیہ بھیجا جائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف کی واپسی کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ اور میڈیکل رپورٹس کی انکوائری درست فیصلے ہیں۔تحریک انصاف کے بیانئے اور احتساب کے عمل کو نواز شریف کی لندن روانگی نے شدید دھچکہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جعلی رپورٹس کی تیاری میں جن لوگوں کا کردار

ہے ان کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی عدالت نے نواز شریف کو لندن میں علاج کی خاطر ضمانت دی اور انہیں طبی علاج معالجہ کے لئے دیا گیا وقت ختم ہو گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت نواز شریف اشتہاری قرار دیئے گئے ہیں اور قانونی کارروائی کے لئے انہیں واپس لانے کے لئے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبرکو برطانیہ بھیجا جائے گا۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے لئے این آر او لینے تک ایف اے ٹی ایف کے معاملہ پر حکومت کی حمایت کرنے سے ہچکچا کر رہی ہیں تاکہ پی پی پی اور ن لیگ سمیت سیاسی جماعتیں اپنے خلاف کیسز سے نجات حاصل کرسکیں ۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے لئے اپوزیشن کی حمایت ضروری ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاری لائی جاسکے اور ملکی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سافٹ ویئر ڈیولپر انڈسٹری کی ترقی کے بڑے امکانا ت ہیں، پاکستان میں مسلم لیگ ن اور پی پی پی کے سیاسی مستقبل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں تقسیم جاری ہے اور پی پی پی صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں