اسلام آباد ، کراچی اور راولپنڈی میں دہشتگردی کا خدشہ ہے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد ، راولپنڈی اور کراچی میں دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ گذشتہ روز راولپنڈی اور وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کے دو واقعات میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے، جس کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے امن قائم کیا، زندگی کا کوئی معاوضہ نہیں ہے، تاہم شہدا کے لواحقین کے ساتھ پورا تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فوج امن و امان قائم کرتی ہے، کل افواج نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے، افغانستان سے ٹی ٹی پی دوبارہ منظم ہورہی ہے، جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں دہشت گردی کے واقعات کاخدشہ ہے، تاہم دہشت گرد شکست کھائیں گے اور ملک میں امن و سکون کی فضا قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور پشاور میں بھی خطرات ہیں۔ شیخ رشید نے نیکٹا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشتگرد حلال اور عدنان رشید کے کمانڈر متحرک ہیں۔اگر اللہ کو منظور ہوا تو ایک بار پھر امن قائم کریں گے۔ اسلام آباد میں تمام ناکے ختم کیے جائیں گے اور جدید سکیورٹی سسٹم لایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد میں 3 ناکے ختم کریں گے، سارے ناکے فضول اور غریبوں کو تنگ کرتے تھے۔
گذشتہ روز اسمبلی کے سامنے جو کچھ ہوا برا ہوا، اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قائدین کو بھی پریس کانفرنس کے لیے مناسب جگہ کا انتخاب کرنا چاہئیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ روز دہشت گردی کے واقعات میں دو پولیس افسر شہید ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز راولپنڈی اور اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اسلام آباد میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے تین پولیس اہلکار زخمی ہو ئے تھے جن میں سے ایک اہلکارقاسم شہید ہوگیا جب کہ دو زخمیوں جمیل اور قیصر کا اسپتال میں علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں