شاہین آفریدی کیلئے شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ مانگا ہے: والد ایاز خان

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کے والد نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے لیے شاہد آفریدی کی صاحبزادی کا رشتہ مانگا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین آفریدی کے والد ایاز خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شاہین آفریدی کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی کا رشتہ طلب کیا تھا جسے شاہد آفریدی کے خاندان نے قبول کرلیا ہے۔
ایا ز خان کا مزید کہنا تھا کہ منگنی کی رسم جلد طے پا جائے گی ، ہمارے شاہد آفریدی کے خاندان سے دیرینہ تعلقا ت ہیں ۔شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کے رشتے کے سلسلے میں گزشتہ 2 سال سے بات چیت جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ شاہین شاہ آفریدی ابھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور شاہد آفریدی کی بیٹی پڑھ رہی ہیں اس لیے دونوں کی منگنی کا باضابطہ اعلان کچھ عرصے بعد کیا جائے گا۔شاہد آفریدی کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ 2 سال میں شاہین آفریدی اور شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی اورشادی کی تقاریب ایک ساتھ ہوسکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی سوچ سمجھ کراس بارے میں باضابطہ طور پر اعلان کریں گے، شاہد آفریدی کے اہل خانہ نے میڈیا سے درخواست کی کہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
41 سالہ شاہد آفریدی کی 5 بیٹیاں اقصی ، انشا ، اجوا ، اسمارہ اور عروہ ہیں۔ اقصی ان کی سب سے بڑی بیٹی ہے جو 20 سال کی ہے اور 20 سالہ شاہین شاہ آفریدی کی دلہن بنیں گی ۔ شاہین آفریدی نے اپریل 2018ء میں پاکستان کے لئے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا اور دسمبر 2018ء میں قومی ٹیم کے لئے ٹیسٹ میچ کیریئر کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے اب تک اپنے کیریئر میں شاندار باؤلنگ کے ذریعے کئی ریکارڈز بھی اپنے نام کرلیے ہیں ، وہ حال ہی میں 100 ٹی 20 وکٹیں مکمل کرنے والے کم عمر ترین بائولر بنے ہیں۔ اس حوالے سے شاہد آفریدی کی جانب سے ابھی تک تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں