پی ڈی ایم نے فیصل واوڈا کی چھوڑی نشست پر مفتاح اسماعیل کو امیدوار نامزد کردیا

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم نے فیصل واوڈا کی چھوڑی نشست پر مفتاح اسماعیل کو امیدوار نامزد کردیا، فیصل واوڈا نے سینیٹ الیکشن لڑنے کیلئے این اے249 سے استعفا دیا تھا، عام انتخابات میں اس حلقے میں فیصل واوڈا نے شہبازشریف کو شکست دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے فیصل واوڈا کی چھوڑی نشست این اے249 پر ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو نامزد کردیا ہے۔
یہ سیٹ فیصل واوڈا کے سینیٹ الیکشن لڑنے کے باعث خالی ہوئی تھی۔ مفتاح اسماعیل اس حلقے میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ تاہم ابھی تحریک انصاف اور ایم کیوایم نے اس حلقے میں اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔ الیکشن 2018ء میں اسی حلقے میں تحریک انصاف کے فیصل واوڈا اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف مدمقابل امیدوار تھے۔الیکشن میں فیصل واوڈا نے شہبازشریف کو شکست دی تھی۔شہبازشریف اور مسلم لیگ ن کی جانب سے فارم 45 تاخیر سے ملنے اور دھاندلی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کے ناہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ فیصل واوڈا بادی النظر میں جھوٹا ہے، الیکشن کمیشن جھوٹے بیان حلفی پر مناسب حکم جاری کرے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت امریکی شہری تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کے ناہلی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے فیصل واوڈا کے ناہلی کیس میں 13صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ فیصل واوڈا بادی النظر میں جھوٹا ہے، الیکشن کمیشن جھوٹے بیان حلفی پر مناسب حکم جاری کرے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت امریکی شہری تھے۔ الیکشن کمیشن معاملے کی تحقیقات کر کے مناسب حکم جاری کر سکتا ہے،الیکشن کمیشن کے پیش کردہ ریکارڈ کے مطابق فیصل واوڈا نے11 جون کو دہری شہریت نہ رکھنے کا بیان حلفی جمع کرایا۔ عدالت میں پیش ریکارڈ کے مطابق فیصل واوڈا کو امریکی شہریت ترک کرنے کا سرٹیفکیٹ 25 جون کو جاری ہوا، فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت وہ امریکی شہری اور الیکشن لڑنے کے لیے نااہل تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں