یوسف رضا گیلانی کی اپ سیٹ فتح کے باوجود حفیظ شیخ کو دوبارہ سینیٹ الیکشن لڑوانے کی تیاریاں

اسلام آباد (فیصل اظفر علوی سے) یوسف رضا گیلانی کی اپ سیٹ فتح کے باوجود حفیظ شیخ کو دوبارہ سینیٹ الیکشن لڑوانے کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ملکی معیشت میں بہتری کیلئے تاحال آئی ایم ایف کی ضرورت ہے۔ حکومت آئی ایم ایف کیساتھ معاملات ٹھیک رکھنے کی خواہاں ہے، تاکہ بیل آوٹ پیکج کے حصول میں کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔
ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ نے حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہونے میں اہم کردار ادا کیا، اسی لیے حکومت سینیٹ کی اپ سیٹ شکست کے باوجود حفیظ شیخ کو عہدے پر برقرار رکھنے اور دوبارہ سینیٹ الیکشن لڑوانے پر غور کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تاحال بطور سینیٹرر اپنی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا۔
حکومت اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسحاق ڈار کو ڈی سیٹ کروانے اور ان کی جگہ حفیظ شیخ کو الیکشن لڑوانے پر غور کر رہی ہے۔ اسحاق ڈار گزشتہ سینیٹ انتخابات میں پنجاب سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، اب اگر وہ ڈی سیٹ ہوتے ہیں تو آس صورت میں پنجاب میں اکثریت ہونے کی وجہ سے تحریک انصاف باآسانی حفیظ شیخ کو سینیٹر منتخب کروا سکتی ہے۔
دوسری جانب ہفتے کے روز وزیراعظم عمران خان سے وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی ملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو بطور وفاقی وزیر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عبدالحفیظ شیخ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے حفیظ شیخ کی خدمات ہیں ، پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے میں حفیظ شیخ کا اہم کردار ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے بعد عبدالحفیظ شیخ نے استعفیٰ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ خیال رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دی ، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، الیکشن میں 7 ووٹ مسترد ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج سینیٹ کی37 نشستوں پر الیکشن ہوا جس کے لیے پولنگ کا عمل صبح 9 بجے شروع ہوا، پولنگ کا عمل 5 بجے تک جاری رہا۔
سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اور تین صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ہوئی۔ پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ قومی اسمبلی کے 341 اراکین میں سے 340 نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا جب کہ جماعت اسلامی کے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدلااکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہیں کیا۔این اے 75 ڈسکہ سے کوئی ممبر قومی اسمبلی میں نہیں ہے کیونکہ یہاں پر الیکشن کمیشن نے دوبارہ انتخابات کااعلان کر رکھا ہے۔
اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹرحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا،انتخابی نتائج کے تحت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے5 ووٹوں سے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی کو 169 اور تحریک انصاف کے حفیظ شیخ کو164 ملے، جبکہ 7 ووٹ مسترد ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں