پی ایس ایل 6کو ملتوی کردیاگیا، وجہ کیا بنی؟ شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خبر

کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث لیگ ملتوی کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔چند گھنٹے قبل کراچی کنگز کے آسٹریلوی کھلاڑی ڈینیئل کرسٹین نے پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا جس کی تصدیق پی سی بی نے خود کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے آل راؤنڈر ڈین کرسٹین دبئی روانہ ہورہے ہیں۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ پی ایس

ایل 6 کی 2 ٹیموں کے مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ یہ تینوں کھلاڑی اب 10 روز تک آئسولیشن میں رہیں گے۔ان تینوں کھلاڑیوں نے بدھ کے روز ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے منعقدہ ڈبل ہیڈر میچز میں شرکت نہیں کی۔ ان تینوں کھلاڑیوں میں علامات ظاہر ہونے کے بعدان کے کورونا ٹیسٹ گذشتہ روز دوپہر میں کروائے گئے تھے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کی آرگنائزنگ کمیٹی آج بروز جمعرات تمام ٹیموں کے مالکان اور ان کی منیجمنٹ کے ساتھ ورچوئل میٹنگ میں شرکت کرے گی، جس کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔واضح رہے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے دوران 7 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں 6 کھلاڑی اور ایک آفیشل شامل ہے جب کہ پی سی بی کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو کورونا ویکسین لگانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔اس سے قبل 2 مارچ کو پی سی بی نے بتایا تھا کہ ایونٹ میں شامل مزید 3 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تاہم تمام میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ سمیع الحسن برنی نے کہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے گئے جس میں سے 3 کے نتائج مثبت آئے۔انہوں نے بتایا تھا کہ ٹیسٹ مثبت آنے والوں میں 2 غیرملکی کھلاڑی اور ایک مقامی اسپورٹنگ اسٹاف ہے۔قبل ازیں یکم مارچ کو پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ سے قبل یونائیٹڈ کے کھلاڑی فواد احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور اس وجہ سے میچ کو ملتوی کرنا پڑ گیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کا آغاز 20 فروری کو کراچی سے ہوا تھا اور ایونٹ کے میچز اس مرتبہ ملک کے دو شہروں کراچی اور لاہور میں کھیلے جانے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں