سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف نے اپنی جیت کا دعویٰ کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ایوان بالا میں سب سے بڑی جماعت ہوگی، سینیٹ انتخاب میں پی ٹی آئی با آسانی جیت جائے گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آج اسلام آباد میں ہونیوالا سینٹ کا انتخاب پی ٹی آئی باآسانی جیت جائیگی، عبدالحفیظ شیخ کو ایک سو اسی سے زائد اور یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ملا کر ایک سو پچپن کے قریب ووٹ پڑیں گے، تحریک انصاف ایوان بالا میں سب سے بڑی جماعت ہو گی۔دوسری جانب قومی اسمبلی سمیت

سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں میں سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پنجاب کی تمام 11 نشستوں پر امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوچکے ہیں جب کہ آج اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11 ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی بارہ بارہ نشستوں پر ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں کے ہال کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ حاصل ہے۔پولنگ کے دوران قومی اسمبلی میں اراکین کے موبائل اندر لے جانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جارہا ہے، اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے ایم این اے عبدالقادر پٹیل اور سکیورٹی عملے کے درمیان تکرار بھی ہوئی، عبدالقادر پٹیل نے تکرار کے بعد اپنا موبائل فون جمع کرادیا اور کہا کہ اگر حکومتی رکن میں سے کوئی موبائل فون اندر لایا تو ذمہ دار سیکیورٹی عملہ ہوگا۔شاہدہ رحمانی نے ریٹرننگ آفیسر کے پاس احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے چوہدری سالک نے ووٹ کی تصویر بنائی ہے، ان کی تلاشی لی جائے۔ جس پر چوہدری سالک کے حمایتوں کا احتجاج کیا۔قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ تحریک انصاف کے شفیق آرائیں جب کہ دوسرا فیصل وواڈا نے کاسٹ کیا۔ سندھ اسمبلی میں سب سے پہلا ووٹ میر شبیر بجارانی نے کاسٹ کیا۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پہلا ووٹ جے یو آئی (ف) کے ہدایت الرحمان نے کاسٹ کیا۔ بلوچستان اسمبلی میں صوبائی وزیر زمرک اچکزئی نے سب سے پہلے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں