اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز، نیازی تمہارا یوم حساب قریب آگیا ہے، حمزہ شہباز

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز ، نیازی تمہارا یوم حساب قریب آگیاہے،قوم کیلئے جتنی قربانیاں دینا پڑی دیں گے، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن متحد تھی اور رہے گی، اب دوبارہ ترقی کا سفر شروع کریں گے، اس کیلئے نوازشریف کو آنا ہوگا اور نیازی کو جانا ہوگا۔انہوں نے جیل سے رہائی کے بعد پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین سال کے بدترین انتقام کے باوجود نوازشریف کے سپاہیوں کیخلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کرسکا، براڈ شیٹ کیس میں خفیہ ملاقاتیں کرتے ہیں ،

اس میں کمیشن مانگتے ہیں، ڈیوڈ روز کی خبر کا کاغذ لہرایا گیا منی لانڈرنگ ہوئی جب اس سے عدالت نے پوچھا تو کہتا کوئی ثبوت نہیں ہے، جب اس کو کچھ ملتا نہیں تو اس کو غصہ آتا ہے وہ غصہ آج 22کروڑ عوام پر نکال رہا ہے، آٹے دال چینی میں 6ہفتوں سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے، یہ کہتے ہیں صاف چلی شفاف چلی، ایک طرف مفروضوں پر مبنی بیانات مسلم لیگ ن کی قیادت پر دوسری طرف آٹاچینی ادویات چور پکڑے جاتے ہیں، چینی چوری کرتے امپورٹ کرتے، پھرایکسپورٹ کرتے ، ادویات مہنگی کردی گئیں، آٹا چینی ادویات چور آج بھی کابینہ کا حصہ بنے بیٹھے ہیں، چوروں کو ساتھ بٹھا کر ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے۔اللہ کی لاٹھی بڑی بے آواز ہے ، عمران خان ہم نے جیلیں دیکھ لی ہیں، قوم کیلئے ہمیں جتنی قربانیاں دینا پڑی دیں گے لیکن اب تمہارا یوم حساب قریب ہے۔غریبوں، بے واؤں کی چھتیں گرا دو، لیکن غیرقانونی اراضی کو 12لاکھ کر قانونی کروایا گیا۔ابھی لوگوں نے نوشہرہ میں دیکھا کہ تم نوازشریف، شہبازشریف کو چور کہتے ہیں، جنہوں نے موٹرویز، میٹرواربوں کے منصوبے لگائے، ہم تمہیں مسترد کرتے ہیں۔نوشین افتخار جیت رہی تھی 23پولنگ اسٹیشنز کے پی اوز کو گرفتار کرلیا گیا، ایک طرف غربت ، بے روزگاری، مہنگائی ہے،بنی گالہ کے محل بیٹھنے والوں کو سمجھ نہیں آرہی، پاکستانی عوام کو سمجھ آگئی ترقی کی شرح 5.5فیصد جبکہ عمران نیازی کے دور میں صفر ہوگئی ہے، نیازی نے 14ہزار ارب قرض لیا،ہم نے بجلی کے منصوبے، لاہور سے کراچی تک موٹرویز، میٹرو، اورنج لائن ٹرین چلائی لیکن نیازی نے 14ہزار ارب قرض لیا ایک منصوبہ نہیں بنایا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن متحد تھی متحد رہے گی، اب دوبارہ اللہ کی مدد سے شیر دھاڑے گا، دوبارہ ترقی کا سفر شروع کریں گے۔ اس کیلئے ضروری ہے نوازشریف کو آنا ہوگا اور نیازی کو جانا ہوگا۔ہمارے کارکن نوازشریف کے شیر ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں