ستائیس فروری کا دن بھارت کو ذلت آمیز شکست کی یاد دلاتا رہے گا، رہنما تحریک انصاف طیبہ بتول

پشاور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی رہنما طیبہ بتول نے کہا ہے کہ ستائیس فروری کا دن بھارت کو ذلت آمیز شکست کی یاد دلاتا رہے گا، ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن چھبیس فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی اور پے لوڈ گرا کر بھاگ گئے، ایک ہی دن کے اندر پاک فوج نے وہ جواب دیا کہ دشمن صدیوں یاد رکھے گا، ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے نہ صرف دو بھارتی مگ ۲۱ طیارے مار گرائے بلکہ بھارتی پائلٹ ابھینندن کو بھی گرفتار کیا، بھارتی پائلٹ کا اعتراف شکست در حقیقت بھارت کا اعتراف شکست ہے،

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس بھارت کی شکست کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، بھارت تمام تر کوشش کے باوجود بھی ان ثبوتوں کو مٹا نہیں سکتا، طیبہ بتول کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج نے ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو ناکوں چنے چنوائے،بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ جب بھی اس نے ہماری پاک سرزمین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی ہے تو ہمارے جوانوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر وطن عزیز کا دفاع کیا ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع میں وہ کارنامے سر انجام دیے جنہیں دنیا تسلیم کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں