سری لنکن حکومت نے کورونا سے جان کی بازی ہارنے والے مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سری لنکا کی حکومت نے کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دے دی،وزیراعظم عمران خان نے بھر خیرمقدم کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس دنیا میں پھیلنے کے بعد یہ انکشاف ہوا تھا کہ سری لنکا میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتوں کو جلا دیا جاتا ہے۔سری لنکا نےکورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش کو جلانا لازمی قرار دے دیا۔سری لنکا میں کرونا سے جاں بحق ہونے والے مسلمانوں کی میتیں جلانے پر مسلم برادری مشتعل ہوگئی۔اس اقدام کے بعد مسلمانوں کی اقدار و روایات کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔

مسلمان اقلیت کا کہنا ہے کہ یہ عمل ان کے مذہب کے خلاف ہے۔اور اب سری لنکا کی حکومت نے مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دے دی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں سری لنکا کا دو روز دورہ کیا ہے۔اس دورے کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں سری لنکا کی حکومت نے کورونا سے جاں بحق مسلمانوں کی تدفین کی اجازت دے دی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے سری لنکا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا حکومت کا کورونا سے جاں بحق افراد کی تدفین کی اجازت دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔سری لنکا حکومت کے سرکاری نوٹیفیکیشن کا خیر مقدم کرتے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ سری لنکا کے موقع پر پاک سری لنکا 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ میں کہاگیا کہ دونوں ممالک نے مسلسل ملاقاتوں، وفود کی سطح پر مشاورتی اجلاس منعقد کرنے اور جامع انداز میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم مہندا راجہ پاکسے کی دعوت پر سری لنکا کا دو روز کا سرکاری دورہ کیا،وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزراء اور اعلی سرکاری حکام پر مشتمل وفد بھی تھا ،دونوں وزراء اعظم کی اپنے اپنے ملک میں حکومت کی تشکیل کے بعد یہ پہلی ملاقات تھی جو دونوں ممالک کے عوام میں گہرے اور بااعتماد تعلقات کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں