جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا خفیہ آپریشن ، کالعدم ٹی ٹی پی کا انتہائی مطلوب کارندہ مارا گیا

جنوبی وزیر ستان(نیوز ڈیسک)سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کی فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈرنورستان عرف حسن بابا مارا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر جنوبی وزیرستان میں طیارزہ کے علاقے شرونگی میں بڑی کارروائی کی، جس کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر نورستان عرف حسن بابا مارا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر نورستان عرف حسن بابا انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر، ماسٹر ٹرینر اور بارودی سرنگوں کا ماہر تھا، اور 2007 سے اب تک فورسز کے 50 سے زائد جوانوں کو شہید کرنے میں ملوث رہا۔ دہشت گرد نورستان وزیرستان میں بڑی دہشت گرد کارروائیوں کاماسٹر مائنڈ تھا، دہشت گرد کمانڈر نورستان2007ء میں

بیت اللہ محسود گروپ میں شامل ہوا، وہ مارشل آرٹس کا ماہر تھا، اور اس نے شوال، خسیرا، شکئی اور وانا میں سیکیورٹی فورسز پر کئی حملے کئے، جس میں 50 سے زائد سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے۔چند روز قبل بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے نتیجے میں انتہائی مطلوب کمانڈر رحمت سمیت 2 دہشت گرد مارے گئےتھے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خفیہ معلومات کی بناپر گزشتہ رات شمالی وزیرستان کے علاقے ملک خیل میں کیاگیا جہاں انتہائی مطلوب کمانڈر رحمت سمیت 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کے ساتھ ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار شہزاد رضا بھی شہید ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں