حمزہ شہباز کی رہائی پر مریم نواز کا حیران کن ردعمل سامنے آگیا، کیا کچھ کہہ ڈالا

لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی ضمانت منظورہوگئی ، اس پر اللہ کا شکرہے ، حمزہ کی کمی ہر فورم پر محسوس کی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے بہت بڑی قربانی صبر اور حوصلے سے دی ، ہمت اور بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا ، اب ہم ساتھ ہوں گے ، ایک او ر ایک گیارہ ہوتے ہیں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ڈسکہ میں منظم دھاندلی کی اور مسلم لیگ ن کے ووٹرز کو ہراساں کیا گیا

جبکہ پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے کے لیے فائرنگ کرائی گئی۔ 6، 6 گھنٹے پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ معطل رہی۔مریم نواز نے کہا کہ دھند کی آڑ میں پریذائیڈنگ افسران کو اغوا کر لیا گیا اور الیکشن کمیشن میں بھی ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ اب چیف الیکشن کمشنر ڈسکہ کے عوام کو انصاف دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ انتخاب نہیں چاہیے بلکہ الیکشن کمیشن پورے این اے 75 ڈسکہ میں انتخابات کرائے۔حمزہ شہباز کی ضمانت پر انہوں نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز نے ہمت اور بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا جبکہ ایک اور ایک گیارہ ہوتے ہیں اب ہم ساتھ ہوں گے۔ حمزہ کی کمی ہر فورم پر محسوس کی۔ براڈ شیٹ کو پہلے ہی روز فراڈ شیٹ کہا تھا اور اب یہ براڈ شیٹ کمپنی ان کو رسوا اور بےنقاب کر رہی ہے۔واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بنچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی، عدالت نے وکلائے طرفین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کر لی اور نیب کو ن لیگی رہنما کی رہائی کا حکم دے دیا۔ حمزہ شہباز کو ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں