خانہ کعبہ کو دوبارہ غلاف سے مکمل ڈھانپ دیا گیا

مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب میں حج سیزن کے آغاز پر غلاف کعبہ اُوپر اُٹھا دیاجاتا ہے جسے حج سیزن کے اختتام پر واپس نیچے کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز حج سیزن کے اختتام پر غلاف کعبہ کا اُٹھا ہوا حصہ نیچے کرنے کی متبرک تقریب ہوئی جس میں 40 ماہرین کی ٹیم نے حصہ لیا۔ اُردو نیوز کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حج موسم ختم ہونے پر غلاف کعبہ کا اٹھا ہوا حصہ اتار کر شاذروان کے سونے کے ہکس سے باندھ دیا۔گزشتہ رات اُٹھا ہوا غلاف کعبہ شاذروان کے سونے کے ہک سے باندھنے کی کارروائی کورونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کے تحت مکمل کی گئی۔

شروعات شاذروان کے سونے کے ہک نصب کرکے کی گئی۔ غلاف کعبہ اور حلقوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے لیے رسی کا انتظام کیا گیا۔اگلے مرحلے میں تین میٹر اٹھا ہوا غلاف نیچے کیا گیا اور پھر اسے سونے کے ہک سے باندھ دیا گیا۔اس کے بعد غلاف کعبہ کی صفائی کا اہتمام کیا گیا۔ حجر اسود اور رکن یمانی کے فریم لگائے گئے۔ یہ سارے امور باریک بینی سے انتہائی مہارت انجام دیے گئے۔مسجد الحرام اور مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلی ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اس کارروائی کی نگرانی کی۔سیکریٹری احمد المنصوری اور غلاف کعبہ کمپلیکس کے سربراہ کے سیکریٹری عبدالحمید المالکی بھی غلاف کعبہ کی بحالی کے آپریشن کے موقع پر حرم شریف میں موجود تھے۔ واضح رہے کہ ہر سال حج کے موقع پریکم ذی الحجہ کو غلاف کعبہ تین میٹراوپر اُٹھایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد حج کے دوران غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنا ہوتا ہے۔ حج کے بعد غلاف کو کعبہ کے نچلے حصے شاذروان سے دوبارہ جوڑ دیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں