ٹکٹ واپس لیے جانے پر پی ٹی آئی امیدوار عبدالقادر کا ردعمل سامنے آ گیا

لاہور (نیوز ڈیسک) بلوچستان سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر عبدالقادر کو سینیٹ کے لیے ٹکٹ ملنے پر پی ٹی آئی بلوچستان ریجن کی مخالفت کے بعد عمران خان نے ان سے ٹکٹ واپس لے لیا۔ جس کے بعد عبدالقادر کا کہنا ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ہے، مجھے اللہ پر بھروسہ ہے کہ وہی ہوا ہوگا جس میں میری بہتری ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقادر نے کہا کہ عمران خان نے کچھ سوچ کر ہی مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے مجھے ٹکٹ دیا تھا تاہم کچھ لوگوں اور سوشل میڈیا کی وجہ سے انہیں اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا۔

میرے حق میں جو فیصلہ ہوا وہی بہتر ہوگا۔۔ مجھے اللہ پر پورا بھروسہ ہے ۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ عبدالقادر سے واپس لے لیا، معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ ظہورآغا کو جاری کیا جا رہا ہے، کپتان ہمیشہ اپنے پارٹی ورکر کی آواز سنتا ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ قادر صاحب سے واپس لے کر ظہور آغا کو جاری کیا جا رہا ہے۔کپتان ہمیشہ اپنے پارٹی ورکر کی آواز سنتا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بلوچستان سے عبدالقادر کو سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے پر پارٹی میں ہی اختلافات شروع ہوگئے تھے۔ پی ٹی آئی نے عبدالقادر کو بلوچستان سے جنرل نشت پر ٹکٹ جاری کیا تھا اور ان ناموں کی منظوری وزیراعظم نے خود دی تھی جس کے بعد آج اعلان کیا گیا تھا۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ الیکشن کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا۔وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کو فائنل کیا گیا اور وزیراعظم کی منظوری کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کیا گیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے سینیٹ الیکشن کے لیے پنجاب سے سیف اللہ نیازی، اعجاز چودھری، عون عباس، علی ظفر اور ڈاکٹر زرقا کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔سندھ سے فیصل واوڈا اور سیف اللہ ابڑو امیدوار ہوں گے جبکہ خیبرپختونخوا سے شبلی فراز، محسن عزیز، ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم، نجیب اللہ خٹک، دوست محمد اور ڈاکٹر ہمایوں مہمند امیدواروں میں شامل ہیں۔

ثانیہ نشتر، فلک ناز چترالی اور گوردیپ سنگھ بھی خیبرپختونخوا سے تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔حکمراں جماعت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور فوزیہ ارشد کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ اس کے علاوہ بلوچستان سے عبدالقادر کو ٹکٹ دیا گیا تھا جسے احتجاج کے بعد واپس لے لیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں