سینیٹ انتخابات، پی پی امیدوارفرحت اللہ بابر کے پاس الیکشن فیس کم پڑگئی

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور سینیٹ امیدوار فرحت اللہ بابر کے پاس الیکشن فیس کم پڑ گئی، پی پی ارکان نے چندہ جمع کر کے سینیٹ الیکشن کی فیس جمع کروائی۔پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماء اور پارٹی کے سینیٹ امیدوار فرحت اللہ بابر کے پاس الیکشن فیس کم پڑ گئی۔ الیکشن کمیشن میں 40 ہزار روپے فیس جمع کروانی تھی جبکہ فرحت اللہ بابر کے پاس 32 ہزار روپے تھے۔ الیکشن آفس میں موجود پیپلزپارٹی کے ارکان نے چندہ کر کے الیکشن کی فیس کے پیسے پورے کر دیئے۔ پیپلزپارٹی کے مقامی کارکن یاور نصیر نے چندے میں 50 روپے دیئے جبکہ سب سے

زیادہ چندہ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان نے دیا۔ادھر الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا۔علاوہ ازیں پی پی پی کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی ، جن میں شیری رحمان، سلیم مانڈوی والا شامل ہیں جب کہ ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر ڈاکٹر کریم خواجہ اور خواتین کی مخصوص نشست پر پلوشہ خان کو امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔بتایا گیا ہے کہ اگلے ماہ 3مارچ کو ہونے والے سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کے ناموں کی منظوری سابق صدر آصف علی زرداری اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دی ، جس کے بعد جنرل نشست کے لیے جام مہتاب ڈاہر اور تاج حیدر بھی سینیٹ انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ اس کے علاوہ سینیٹ انتخابات تک پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کے کراچی چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ، میڈیا ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی کے کراچی چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، اور اس ضمن میں پاکستان پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر اراکین سندھ اسمبلی کو کراچی میں قیام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں