نواز شریف اور آصف زرداری میں ان ہائوس تبدیلی پر اتفاق

لاہور (نیوز ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو ان ہاؤس تبدیلی کے لیے راضی کر لیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور شریک چئیرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری میں ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے نواز شریف کو ان ہاؤس تبدیلی کے لیے راضی کر لیا ہے۔آصف زرداری ان ہاؤس تبدیلی کے لیے پر اعتماد ہیں۔ ن لیگ نے ان ہاؤس تبدیلی کے لیے حمایت کا مکمل یقین دلایا ہے۔پی ڈی ایم کے دونوں رہنماؤں میں اتحاد برقرار رکھنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لیے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی پی ان ہاؤس تبدیلی کے لیے نمبر گیم پوری کرے گی تو پی ڈی ایم حمایت کرے گی۔پی ڈی ایم استعفوں، لانگ مارچ، دھرنے کا آپشن استعمال کرے گی،پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات کے بعد ان آپشنز پر غور کے لیے سر جوڑے گی۔۔ آصف زرداری اور نواز شریف میں حکومت گرانے پر ہر آپشن کا استعمال کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے لانگ مارچ سے قبل تحریک عدم اعتماد کے آپشن پر غور شروع کردیا تھا۔، پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی ان ہاؤس تبدیلی لانے کا اشارہ دے دیا، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں سے مل کر جلد تحریک عدم اعتماد لائی جاسکتی ہے۔انہوں نے انسدادِ منشیات کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن میں یہ خود اعتراف کر چکے ہیں اور اعتراف جرم کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے پاس کارروائی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے، اس نے اعتراف کیا کہ فارن فنڈنگ میں نے نہیں میرے ایجنٹس نے کی ہے، جبکہ کمپنیاں ان کے دستخط سے رجسٹرڈ ہیں۔ براڈ شیٹ کا مالک بھی بہت بڑا چور ہے، یہ براڈشیٹ کے مالک سے ملے ہوئے تھے اور اس سے ملکر چوری کی، شہزاد اکبر نے کمیشن کمایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں