فی یونٹ بجلی کتنی مہنگی ہوگئی ہے ، غریب عوام کی چیخیں نکل گئیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)بجلی صارفین کیلئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ تین دن میں تیسری مرتبہ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کردیا گیا۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی 1 روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ۔ اضافے کے بعد ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کا ٹیرف 2 روپے سے بڑھ کر 3 روپے 95 پیسے جبکہ 51 سے 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین کا ٹیرف 5.79 روپے سے بڑھ کر 7.74 روپے فی یونٹ ہو جائے گا۔اسی طرح ماہانہ 101 سے 200 یونٹ والا ٹیرف 8.11 روپے سے بڑھ کر 10 روپے 6 پیسے اور 201

سے 300 یونٹ استعمال کرنے والوں کا ٹیرف 10 روپے 20 پیسے سے بڑھ کر 12 روپے 15 پیسے ہوگیا۔ماہانہ 301 سے 700 یونٹ استعمال کرنے پر ٹیرف 17.59 روپے سے بڑھ کر 19.55 روپے ہوگیا جبکہ 700 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں کا ٹیرف بھی 20 روپے 70 پیسے سے بڑھ کر 22 روپے 65 پیسے ہوگیا۔اس معاملے کا افسوس ناک پہلو یہ ہے کہ اس فیصلے کا اطلاق 50 یونٹ تک والے غریب صارفین پر بھی یکساں طور پر ہوگا۔ نیپرا نے کہا کہ قیمت میں اضافے کی منظوری وفاقی حکومت کی درخواست پر دی گئی ہے۔۔کے الیکٹرک کے صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا اور نئی قیمتوں کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفیکیشن کے بعد ہوگا۔واضح رہے کہ نیپرا نے بدھ کو بجلی کی قیمت 1 روپے 53 پیسے اور جمعرات کو 83 پیسے فی یونٹ مہنگی کی تھی تاہم وہ اضافہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں تھا۔نیپرا نے بجلی ایک روپیہ 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی جس کے بعد بجلی کا اوسط ٹیرف 13.55 روپے سے بڑھ کر 15.50 روپے فی یونٹ ہوگیا جبکہ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔فیصلے کا اطلاق ماہانہ 50 یونٹ تک استعمال کرنے والے صارفین پر بھی یکساں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں