سینیٹ الیکشن سے قبل مزید 5 ارکان اسمبلی پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے، تحریک انصاف کے ناراض رکن اسمبلی کا اعلان

لاہور(نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل خان لغاری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن سے قبل مزید5ارکان اسمبلی پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے، ان ارکان میں مشیر اور وزیر بھی شامل ہیں،بلو چ کا بچہ ہوں، لشکر لے کر نکلوں گا، سینیٹ الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے، تاکہ بے وفائی کا تاثر نہ جائے۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ تحریک انصاف یوتھ کا نام تھا، مجھے ٹکٹ نہیں دی گئی تھی کہ میں لڑکا ہوا، پھر میں نے آزاد الیکشن لڑا ، 50ہزار ووٹ لیے اور 17ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا، میری تیسری نسل اسمبلی میں آرہی ہے، میرے دادا، والد کے بعد اب میں اسمبلی میں آیا ہوں۔

یہ جھنڈے بھی باپ دادا سے دیکھ چکا ہوں، ہماری کوئی خواہش نہیں ہے،اگر پڑھے لکھے لوگ ہیں تو عوام کی خدمت کرنا ترجیح ہے۔پنجاب کابینہ میں میٹرک فیل وزراء بیٹھے ہوئے ہیں، کیا یہ لوگ پنجاب کی 11کروڑ آبادی کو سنبھالیں گے؟ہم یوتھ کو دھرنوں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، ووٹرز نکالنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، وقت آنے پر پیچھے پھینک دیا جاتا ہے، میرے ضلع مظفرگڑھ میں آج تک کوئی یونیورسٹی نہیں بنی،کہاجاتا ہے کہ کوئی مرے نہ مرے ہمارے پانچ کھرے، پنجاب پر وزیراعلیٰ ایسا بٹھا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوتھ کو عزت ملنی چاہیے، میرا حلقہ بہت زیادہ پسماندہ ہے، فنڈز ملنے چاہئیں ، ہمیں فنڈز اڑھائی سال میں 10کروڑ دیے گئے۔ جبکہ پنجاب کا ایک بڑا خوبصورت حلقہ تونسہ شریف ہے جس کو 77ارب روپے کے فنڈز دیے گئے، یہ وزیراعلیٰ پنجاب کا حلقہ ہے۔ایوان میں 181ممبران ہیں، ان سب کو آپ 10ارب دیتے ہیں جبکہ 77ارب صرف ایک حلقے کو دے دیے جاتے ہیں۔میرے حلقے میں بہوبیٹیاں بے گھر ہوگئی ہیں، دریائی علاقہ ہے، دریا500گھر اپنے اندر لے چکا ہے، میں وزیراعلیٰ کو متعدد بار دریا کے کٹاؤ کی ویڈیوز دکھا چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میری یوتھ نے مجھے کہا آپ نے بہت اچھا کیا علیحدہ ہوگئے ہیں۔خرم لغاری نے کہا کہ میں تنہا نہیں ہوں، بلوچ کا بچہ ہوں، لشکر لے کر نکلوں گا، میرے ساتھ5ایم پی ایز ہیں، جن میں مشیر اور وزراء بھی ہیں۔میرے ساتھ سب نے پارٹی چھوڑنے کا حلف لیا ہے۔ سینیٹ الیکشن سے قبل یہ سب لوگ پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے، ہم سینیٹ الیکشن کا ووٹ کسی کو نہیں دیں گے، تاکہ پی ٹی آئی یہ نہ کہے کہ بے وفائی ہوگئی ہے۔ہم ینگ خون ہیں بے وفائی نہیں کریں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے میرے ملازمین پر پرچے کروائے میں الزام نہیں لگا رہا، میں نے کون سا وزیراعلیٰ بننا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں