مدارس کے نئے بورڈ کا فیصلہ واپس لیا جائے ورنہ۔۔۔ فضل الرحمن نے حکومت کو دھمکی دیدی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مدارس کے نئے بورڈ کا فیصلہ واپس لیا جائے ورنہ طلباء سڑکوں پر ہوں گے، علماء کی مشاورت سے حکومتی اقدام کیخلاف بڑا فیصلہ کریں گے، جےیوآئی مدارس کی چوکیدارہے، مدارس کا تحفظ وفاق المدارس نہیں کرسکتی تو جےیوآئی کرے گی۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مدارس کے نئے بورڈ منظور کرنےکا فیصلہ مسترد کرتے ہیں۔ علماء کا مطالبہ نہیں بلکہ اسٹیبلشمنٹ کی خواہش پوری کی گئی۔

ان بورڈوں کا بھی وہی حال ہوگا جو مشرف کے مدرسے بورڈ کا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران باہر کے غلام اور ایجنٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس ہماری تنظیم ہے۔وفاق کے زمہ داران مدارس کا تحفظ کریں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وفاق المدارس اگر مدارس کا تحفظ نہیں کرسکتی تو جمعیت علما اسلام مدارس کا تحفظ کرے گی۔ مدارس کے تحفظ کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ جے یوآئی مدارس کی چوکیدار ہے۔ وفاق المدارس العربیہ ہماری نمائندہ جماعت ہے اس کے علاوہ اور کوئی جماعت ہم تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام سے مشاورت کے بعد حکومت کے اس اقدام کے خلاف بڑا فیصلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلے کو واپس لیں نہیں تو ملک بھر کے مدارس کے طلباء سڑکوں پر ہوں گے۔واضح رہے گزشتہ روز پاکستان میں دینی مدارس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث وفاقی وزارت تعلیم نے پانچ مدارس بورڈز اورایک انسٹیٹیوٹ کی منظوری دی اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، نئے مدارس بورڈز کے قیام کے بعد پاکستان میں دینی مدارس کے نمائندہ بورڈز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق اتحاد المدارس العربیہ، اتحاد المدارس الاسلامیہ، نظام المدارس پاکستان، مجمع المدارس تعلیم الکتاب والحکمہ، وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ کے نام سے دینی مدارس بورڈز کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ کراچی کی ایک معروف دینی درسگاہ جامعہ الرشید کو بھی باقاعدہ انسٹیٹیوٹ کادرجہ مل گیا ہے۔ منہاج القرآن کے زیرانتظام دینی مدارس اور سکولز کا اب اپنا بورڈ ہوگا۔

نظام المدارس پاکستان تحریک منہاج القرآن کے زیرانتظام مدارس کا نمائندہ بورڈ ہوگا۔ ملک بھر میں موجود دینی مدارس ان نئے بورڈز کیساتھ الحاق کرسکیں گے، جبکہ ان بورڈز کی اسناد کو روایتی تعلیمی بورڈز اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے مساوی تسلیم کیا جائیگا۔ پاکستان میں دینی مدارس کے نمائندہ پانچ مدارس بورڈ پہلے سے موجود ہیں جن میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان، وفاق المدارس العربیہ پاکستان، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان اور رابطہ المدارس الاسلامیہ پاکستان شامل ہیں۔ ان پانچوں مدارس بورڈ نے اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے نام سے تنظیم بھی بنا رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں