قومی ہیرو احمد مجتبیٰ کی ڈی جی آئی ایس پی آر سے ملاقات

راولپنڈی(نیوز ڈیسک)کشمیر ڈے کے موقع پر مکس مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے مقابلے میں بھارتی کھلاڑی راہول راجو کو ناک آؤٹ کرنے والے فائٹر احمد مجتبیٰ سے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے ملاقات کی ہے۔پاکستان کے مکس مارشل آرٹس (ایم ایم اے) فائٹر احمد مجتبیٰ ولورین نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ تصویر شیئر کی۔تصویر کے ساتھ انہوں نے تحریر کیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حوصلہ افزائی اور حمایت پر شکر گزار ہوں، آپ سب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اللہ پر یقین رکھیں، محنت اور عزم کے اصول کو اپنائیں۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں احمد مجتبیٰ نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ نوجوان اللہ رب العزت پر کامل یقین رکھیں، سخت محنت

کا اصول اپنائیں اور کام کےساتھ پُرعزم رہیں۔واضح رہے کہ یوم کشمیر کے روز احمد مجتبیٰ نے سنگاپور میں منعقدہ مقابلے میں بھارتی حریف راہول راجو کو محض 56 سیکنڈ میں ڈھیر کردیا تھا، میچ سے قبل احمد مجتبیٰ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ یوم یکجہتی کشمیر کے روز ہونے والے مقابلے میں بھارتی کھلاڑی کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کریں گے اور پھر اس فتح کو کشمیری عوام کے نام کریں گے۔بھارتی کھلاڑی راہول عرف کیرالا کروشر کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر حیران ہیں کہ ایک منٹ کے اندر ہی احمد مجتبیٰ نے انہیں شکست دے دی،واضح رہے کہ احمد مجتبیٰ اب تک 3 انٹرنیشنل فائٹس میں فتح حاصل کرچکے ہیں جبکہ مجموعی کیریئر کی بات کی جائے تو انہوں نے دس مقابلوں میں حصہ لیا جن میں سے 8 میں فتح حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں