حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) حکومت اور سرکاری ملازمین کے مذاکرات کامیاب ہو گئے لیکن دھرنا ختم نہ ہو سکا۔گزشتہ روز اسلام آباد میں دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں، پولیس نے شیلنگ کی اور لاٹھیاں برسائیں، سڑکیں دھواں دھواں ہو گئیں، شیلنگ سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے اور اس دوران مظاہرین پتھراؤ کرتے رہے۔مشتعل مظاہرین نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کو بھی شاہراہ دستور پر روک لیا تھا۔اب اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد میں دھرنا دیے سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان تین گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔

رات گئے سرکاری ملازمین کے رہنما نے بتایا کہ حکومت نے گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں آئندہ بجٹ تک 20 فیصد عبوری اضافے کی یقین دہانی کرائی ہے۔حکومتی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر مملکت علی محمد خان شامل تھے۔وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے مذاکرات میں کیے گئے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین ایک سال سے تنخواہوں کے فرق دور کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔پرویز خٹک نے کہا کہ ملازمین کے حکومتی کمیٹی کے ساتھ ہوئے مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام وفاقی ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے دو صوبائی وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور انہیں ملازمین کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کی، چنانچہ وفاقی حکومت اپنے فیصلوں کے بعد صوبائی حکومت کو بھی تنخواہوں میں فرق دور کرنے کی سمت فراہم کردے گی۔پرویز خٹک نے بتایا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ملازمین کی اپ گریڈیشن کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے اور سلسلہ جون میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بعد شروع ہوجائے گا اور انہیں وہ سہولیات ملنے لگیں گی۔وزیر دفاع نے بتایا کہ جون کے بجٹ میں ہی ایڈہاک ریلیف ان کے تنخواہوں کے اسکیل میں شامل کردیا جائے گا جو کہ ملازمین کا مطالبہ تھا۔پرویز خٹک نے کہا ٹائم اسکیل کی منظوری دی جائے گی لیکن اس کے لیے ایک طریقہ کار وضع کیا جائے گا اور کارکردگی کی بنیاد پر ترقی دینے کی پالیسی بنائی جائے گی جس پر بجٹ میں عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایڈہاک ریلیف آج وزارت خزانہ سے نوٹیفائیڈ کروادیا جائے گا اور یہ پے کمیشن کا فیصلہ آنے تک جاری رہے گا، پے کمیشن کے فیصلے کا اطلاق ملک بھر پر ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں