سرکاری ملازمین کا احتجاج، شیلنگ سے متاثرپولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا، اہلخانہ غم سے نڈھال

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں گزشتہ روز سرکاری ملازمین کے دھرنے پر پولیس کی جانب سے کی جانے والی آنسو گیس شیلنگ کے دوران سانس کی تکلیف میں مبتلا ہونے والا پولیس اہلکار آج انتقال کر گیا۔پولیس ذرائع کے مطابق انتقال کرنے والا پولیس اہلکار اشتیاق اسلام آباد پولیس کی اسپیشل برانچ میں تعینات تھا۔گزشتہ روز اسلام آباد کے چائنہ چوک پر سرکاری ملازمین کے احتجاج کے دوران آنسو گیس شیلنگ کی گئی تھی جس سے اشتیاق بھی متاثر ہوا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق اشتیاق نے گزشتہ شام 7 بجے وائرلیس پر سانس کی تکلیف سے متعلق آگاہ کیا تھا۔پولیس ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ پولیس اہلکار اشتیاق کو سانس کی تکلیف کے باعث پولی کلینک اسپتال لایا گیا تھا،

جہاں وہ آج صبح دم توڑ گیا۔واضح رہے اسلام آباد کی شاہراہ دستور گزشتہ روز میدان جنگ بنی رہی، صبح سویرے ہی مطالبات کے حق میں احتجاج کے لیے وفاقی ملازمین نے کام چھوڑا اور ڈی چوک پہنچ گئے۔ پولیس نے ملازمین کو گرفتار کیا تو پتھراؤ شروع کر دیا گیا۔ پولیس کی جوابی شیلنگ سے ایک سرکاری ملازم زخمی جبکہ میڈیا ورکرز سمیت کئی افراد کی حالت غیر ہو گئی۔مشتعل ملازمین نے وزیر اطلاعات شبلی فراز کی گاڑی بھی روک لی تھی، احتجاج کے باعث پاک سیکرٹریٹ کے دروازے بند کر دیئے گئے جو رات کو کھولے گئے۔ احتجاج کے باعث اسلام آباد کی کئی شاہراوں پر دن بھر شدید ٹریفک جام رہا جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں