فضل الرحمان پی ڈی ایم کے نمائشی صدر ہیں ، جے یو آئی کے رہنما نے مولانا کو کھری کھری سنادیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جمیعت علمائے اسلام پاکستان کے سینئیر رہنما حافظ حسین کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے نمائشی صدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصل میں پی ڈی ایم میں پیسہ میاں نوازشریف کا اور فیصلہ آصف علی زرداری کا چلتا ہے ۔ حافظ حسین نے گذشتہ روز عبدالحکیم میں صحافی چودھری راشد محمود کے چھوٹے بھائی کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا پی ڈی ایم کی تمام پارٹیوں نے 20 ستمبر 2020ء کو استعفے دینے ، ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے اور

سینیٹ الیکٹورل کالج کو توڑنے کے نہ صرف معاہدے بلکہ ان نکات پر مشتمل میثاق پاکستان پر بھی دستخط کردینا تھے مگر ایک بچہ بلاول اور ایک بچی مریم نے پی ڈی ایم کے تمام متفقہ فیصلوں کو ویٹو کردیا ۔انہوں نے کہا کہ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ پی ڈی ایم کا اللہ ہی جانے کون صدر ہے ۔ خیال رہے کہ حافظ حسین اس سے قبل بھی پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں حافظ حسین نے کہا تھا کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں مولانا فضل الرحمان کی جیب کٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے پی ڈی ایم کے فیصلوں پرمفادات کی آری چلا کر آر پار کردیا ، مریم نے سینیٹ انتخابات کا فیصلہ کرکے پی ڈی ایم کے فیصلوں کی نفی کردی ، بلاول بھٹو زرداری کے بعد مریم نواز کی بھی واپسی مولانا فضل الرحمان کے لیے پیغام ہے ، ن لیگ نے بھی مولانا فضل الرحمان پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ، مولانا فضل الرحمان کی جیب میں بھی کچھ اپنوں کے استعفے تھے۔خیال رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بیانیے کی مخالفت پر حافظ حسین سے پارٹی عہدہ واپس لے لیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں