کراچی کے ٹریفک وارڈن کی بیٹی پاک فضائیہ کی پائلٹ بن گئی

کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی کے ٹریفک وارڈن کی بیٹی پاک فضائیہ کی پائلٹ بن گئی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہونہار لڑکی نے اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کردیا، کراچی کی ناصرہ شاکر نے پہلی خاتون جی ڈی پائلٹ بھرتی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ناصرہ شاکر کراچی سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون ہیں جو پاک فضائیہ کی جنرل ڈیوٹی پائلٹ منتخب ہوئی ہیں۔رپورٹس کے مطابق ناصرہ شاکر نے میریٹوریس ڈیفنس چیپٹر ٹیوشن سینٹر سے تعلیم حاصل کی ، اسی ٹیوشن سینٹر کے فیس بک اکاؤنٹ سے جاری کردہ ایک پیغام میں ناصر ہ شاکر کی تصویر شیئر کی گئی اور

انہیں پاک فضائیہ میں پائلٹ بھرتی ہونے پر مبارک بھی دی گئی ہے۔فیس بک پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ” ہم اپنی میریٹوریئس طالب علم ناصرہ شاکر کو پاک فضائیہ میں فلائنگ آفیسر کا کمیشن حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ انہیں مزید ترقی اور اپنے کیریئر میں آگے بڑھائیں”۔ناصرہ شاکر کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک با ہمت لڑکی ہیں جن کے والد شاکر ملک کلفٹن کراچی میں بطور ٹریفک وارڈن کے فرائض سرانجام دیتے ہیں، ناصرہ شاکر نے اپنی محنت اور لگن سے جی ڈی پائلٹ بن کر دکھایا کہ خواتین کسی بھی شعبے میں مردوں سے پیچھے نہیں ہیں، بلکہ ہر شعبے میں ان کے شانہ بشانہ چل رہی ہیں ۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس پہلی بار تھرپارکر کا نوجوان پاک فضائیہ میں بطور جی ڈی پائلٹ آفیسر بھرتی ہوا تھا، بتایا گیا تھا کہ پاکستان کا پسماندہ ترین علاقہ تھرپارکر بھی ترقی کی راہ پر چل پڑا، ملکی تاریخ میں پہلی بار تھرپارکر کا نوجوان پاک فضائیہ میں بطور جی ڈی پائلٹ آفیسر بھرتی ہوگیا، اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے راہول دیو کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے اہل علاقہ انتہائی خوش ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے پسماندہ اور سندھ کے علاقے تھرپارکرکی عوام میں تعلیم کا شعور آنے لگا۔ جس سے وہاں کے عوام بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہونے لگے ہیں۔ تھرپار کر کے رہائیشوں نے علاقے کے نوجوان راہول دیو کی پاک فضائیہ میں بطور جی ڈی پائلٹ شمولیت پر اظہار مسرت کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ تھرپارکر سے ہونہار نوجوان اپنی

محنت اور تعلیم کے بل بوتے پر پاک فضائیہ میں پائلٹ آفیسر بھرتی ہوگیا ہے۔آل پاکستان ہندو پنچایت کے سیکرٹری روی دوانی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں سے نوجوان سول اور آرمی آفیسرز کی صورت موجود ہیں۔ اسی طرح ہندو ڈاکٹرز بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ اگرحکومت اقلیتوں کا اسی طرح خیال رکھے تو مستقبل میں اقلتییں بھی پاکستان کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکتی ہیں۔ وزارت داخلہ کے پرنسپل اسٹاف آفیسر رفیق احمد کھوکھر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں راہول دیو کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ہے راہول کو پاکستان

ایئرپورٹ کا جی ڈی پائلٹ بننے پر مبارکباد دیتا ہوں۔وہ سندھ کے علاقے تھرپارکر کے گاں سے تعلق رکھتے ہیں ،ہماری نیک خواہشات اور دعائیں ہمیشہ راہول کے ساتھ ہیں۔ ٹویٹر صارفین کی جانب سے بھی راہول دیو کے لئے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک صارف کا کہنا ہے کہ کورونا کی پریشان کن صورتحال میں یہ ایک اچھی خبر ہے، تھرپارکر نے ایک بار پھر بازی مارلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں