حکومت فی لیٹر پٹرول پر 30یا35روپے نہیں بلکہ کتنا زیادہ ٹیکس وصول کررہی ہے، ہوشرباتفصیلات

لاہور (نیوز ڈیسک)حکومت مہنگائی کی چکی میں پس رہی عوام سے فی لیٹر پٹرول پر 47 روپے سے زائد کا ٹیکس وصول کرنے لگی۔ ٹیکسز کے علاوہ پٹرول کی اصل قیمت 64 روپے 31 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر بھی 45 روپے 59 پیسے ٹیکسز کی مد میں وصول کیے جانے کا سلسلہ جاری۔ تفصیلات کے مطابق ایک جانب حکومت یہ دعوے کرتے نہیں تھکتی کہ عوام کو ریلیف دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، دوسری جانب حکومت ہر ممکن طریقے سے عوام پر مالی بوجھ میں اضافہ کر رہی ہے۔2 روز قبل حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔

اس موقع پر حکومت نے دعویٰ کیا کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے سے زائد کے اضافے کی سفارت کی گئی، تاہم صرف 2 روپے سے زائد کا اضافہ کر کے عوام کو ریلیف دیا گیا۔تاہم اب انکشاف ہوا ہے کہ ماضی میں پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسوں کے حوالے سے تنقید کرنے والی تحریک انصاف نے اب اپنی ہی حکومت میں بھی پٹرولیم مصنوعات پر ہوشربا ٹیکس نافذ کر رکھے ہیں۔حکومت کی جانب سے فی لیٹر پٹرول پر 47 روپے 59 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل پر بھی 45 روپے 59 پیسے وصول کیے جا رہے ہیں۔ ٹیکسز کے بغیر پٹرول کی اصل قیمت 64 روپے 31 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اصل قیمت 70 روپے 13 پیسے بنتی ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت 111 روپے 90 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 116 روپے 08 پیسے وصول کی جا رہی ہے۔ حکومت پٹرول پر21 روپے 04 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی، 16 روپے 26 پیسے سیلز ٹیکس اور3 روپے 70 پیسے فی لیٹر ڈیلرز مارجن کی مد میں وصول کر رہی ہے۔ یوں ہی ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 22 روپے 11 پیسے فی لیٹر پٹرولیم لیوی ، 16 روپے 87 پیسے فی لیٹر سیلز ٹیکس جبکہ3 روپے 12 پیسے لٹرڈیلر مارجن کی مد میں وصول کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں