وزیراعظم نے مہنگائی پر نوٹس لے لیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر ایکشن لیتے ہوئے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی مارکیٹ کمیٹیاں فوری تحلیل کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں اشیا ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں کے پیش نظر جائزہ اجلاس ہوا ، جس میں وزراء اور صوبائی نمائندوں نے شرکت کی ، اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو اشیائے خوردنوش کی بڑھتی قیمتوں پر بیفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیاں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں کم کرنے میں ناکام

ہوئیں مارکیٹ کمیٹیاں بڑے تاجروں ، پریشر گروپس سے مل کر پیسے بناتی ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسا سسٹم لائیں گے جو واقعی قیمتوں کو کنٹرول کر سکے۔واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں مہنگائی نے قوم کا جینا دو بھر کر رکھا ہے ، حکومت کی جانب سے بارہا مہنگائی پر قابو پانے کے دعوے بھی کیے گئے مگر عوام کو تاحال کوئی ریلیف نہ مل سکا ، جب کہ رواں سال جنوری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ہوگیا، چینی، دالوں، گھی سمیت22 اشیاء مہنگی جبکہ 6 اشیاء انڈے، آٹا، سبزیاں سستی اور23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا، چینی درآمد اورکرشنگ سیزن کے باوجود 6 روپے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ۔ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق رواں سال 2021ء جنوری کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ہفتے 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جب کہ 22 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 6 اشیاء سستی ہوئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے سستی ہونے والی 6 اشیاء میں آلو ایک روپے 13 پیسے فی کلو، انڈے 7 روپے 49 پیسے فی درجن، پیاز 2 روپے 3 پیسے فی کلو، ٹماٹر6 روپے 58 پیسے فی کلو، مرغی 21 روپے 30 پیسے فی کلو اور آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 25 روپے 44 پیسے سستا ہوا ہے۔اسی طرح مہنگی ہونے والی 22 اشیائے ضروریہ میں ایک ہفتے میں لہسن 36 پیسے فی کلو مہنگا ہوا، دال مسور ایک روپے 16 پیسے فی کلو، دال ماش ایک روپے67 پیسے فی کلو، دال مونگ 2 روپے 14 پیسے فی کلو، دال چنا ایک روپے

32 پیسے فی کلو مہنگی ہوگئیں ، گھی کا اڑھائی کلو کا ڈبہ 8 روپے 44 پیسے اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 144روپے 32 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ درآمد اورکرشنگ سیزن کے باوجود چینی 6 روپے 6 پیسے فی کلو مزید مہنگی ہوگئی ہے، چینی کی قیمتوں میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، 4 ہفتوں میں چینی کی قیمت میں 8 روپے 97 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ، جس سے چینی کی اوسط قیمت 90 روپے 6 پیسے فی کلو ہوگئی ۔تاہم گزشتہ دنوں وزیراعظم کو مارکیٹ کمیٹیوں سے متعلق شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر ایکشن لیتے ہوئے انہوں نے مارکیٹ کمیٹیاں فوری تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں