کشمالہ طارق کے بیٹے کے ہاتھوں چار افرادکی جان جانے کا معاملہ، واقعہ کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیدیا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئےسینئرصحافی و تجزیہ کار رؤف کلاسرا نے کشمالہ طارق کے بیٹے والے واقعہ پر وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔ انہوں نے پروگرام میں کہا کہ ہم نے جس طریقے سے گذشتہ دو ڈھائی سالوں میں اسلام آباد کو بدلتے ہوئے دیکھا ہے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا اور یہ تبدیلی ایک بُری تبدیلی ہے۔اسلام آباد میں پہلے بھی ایلیٹ ہوتے تھے لیکن ایسے ایلیٹ نہیں تھے۔ کابینہ میں یہ باتیں کی جائیں گی کہ ایلیٹ کو پکڑ لیا گیا ہے لیکن اسلام آباد میں اس وقت جو ایلیٹ کلچر چل رہا ہے وہ سمجھ سے باہر ہے ۔

ایسے لوگ اسلام آباد میں آ گئے ہیں جن کے پاس بے شمار گاڑیاں ہیں، انہوں نے اپنے ساتھ گارڈز بھی رکھے ہوئے ہیں۔اُن کے ساتھ اُن کی گاڑیاں اور گارڈز سفر کرتے ہیں ۔اسلام آباد میں نہ تو کہیں پولیس نظر آتی ہے اور نہ ہی کوئی ٹریفک پولیس ۔ اس وقت اسلام آباد میں جتنی تیز رفتار گاڑیاں چلتی ہیں اور جتنی ریس لگتی ہیں اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو ڈھائی سالوں میں اسلام آباد بہت تبدیل ہو گئی ہے۔ یہاں تو پولیس افسران بھی بغیر سفارش کے بھرتی نہیں ہوتے۔ اسلام آباد میں کبھی بھی اشارہ نہیں توڑا جاتا تھا، لیکن اب ایسے کئی واقعات ہو رہے ہیں۔انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ایک بدمعاشی کلچر آ گیا ہے۔ جس کے پاس پیسہ ہے ، جس کے پاس چار پانچ بندے ہیں اُس نے پولیس اپنے ساتھ لگائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سب سے ناکام پولیس ہے، ان سے کوئی کرائم کنٹرول نہیں ہوتا ، یہاں ڈاکے بھی پڑ رہے ہیں، چوریاں بھی ہو رہی ہیں ، قتل بھی ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سی ڈی اے ، آئی سی ٹی ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر ناکام ہے۔ جنہوں نے مارا ہے اُن کو یہ علم تھا کہ ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکے گا، واقعہ ہونے کے بعد پولیس غالباً ایک گھنٹے بعد پہنچی ہے۔ یہاں سے حساب لگا لیں، انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ناکام ترین اور بے کار پولیس دیکھنی ہے تو وہ اسلام آباد کی پولیس دیکھ لے۔ دوسری جانب سری نگر ہائی وے ٹریفک حادثہ کیس میں وفاقی محتسب کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کی

عبوری ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج سہیل احمد نے 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان ضمانت منظور کی۔ اسلام آباد پولیس نامزد ملزم کشمالہ طارق کے بیٹے اذلان کو گرفتار بھی نہ کرسکی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت کے سیکٹرجی 11 میں وفاقی محتسب کشمالہ طارق کے شوہر اور بیٹے کی گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے 5 شہریوں کو کچل دیا جن میں سے 4 جاں بحق ہو گئے تھے۔ گاڑی نے سگنل توڑتے ہوئے دوسری طرف سے آنے والی مہران کار اور ایک موٹرسائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں مانسہرہ سے اے این ایف میں بھرتی ہونے کے لیے ٹیسٹ دینے آئے ہوئے 4 دوست جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں