جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کو سینیٹر بنانے کی تیاریاں ، نام شارٹ لسٹ کرلیا گیا

اسلام آبا د(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کر لیا ہے۔لسٹ میں وزیراعظم عمران خان کے چار معاون خصوصی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے اعجاز چوہدری ،سیف اللہ نیازی اور امین اسلم کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔شہزاد اکبر،ڈاکٹر فیصل،رزاق داؤد اور شہباز گل کے نام بھی زیر غور ہیں۔ق لیگ سے کامل علی کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔زلفی بخاری کا نام اسلام آباد سے نشست کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔خواتین کی نشست کے لیے نیلوفر بختیار،نگہت محمود اور نیلم ارشاد کے نام زیر غور ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سینئر پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کے صاحبزادے علی ترین کا نام بھی سینیٹ انتخابات کے لیے زیر غور ہیں۔اگر علی ترین کے نام کی منظوری دی جاتی ہے تو پھر انہیں پنجاب سے سینیٹ الیکشن لڑوایا جائے گا،اس حوالے سے جہانگیر ترین بھی خاصے متحرک ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 11 فروری کو سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی 2 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ سے وصول کر سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق چاروں صوبوں سے امیدوار صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر سے کاغذات نامزدگی حاصل کر سکتے ہیں۔الیکشن کمیشن نے سینیٹ کے تمام امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی ٹکٹس جمع کرانے کی ہدایت بھی کردی ہے۔ آزاد حیثیت سے سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے والے پارٹی ٹکٹ سے مستثنیٰ ہیں۔الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخاب میں امیدواروں کیلئے اخراجات کی حد 15 لاکھ مقرر کر دی۔ بینک اکائونٹ کا نمبر کاغذات نامزدگی میں درج کرنا ضروری ہے.الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدوار انتخابی اخراجات سے متعلق شیڈول بینک کی کسی برانچ میں اکاوَنٹ کا اجرا کروالیں۔ امیدوار کے لئے ضروری ہے کہ اسی بینک اکاؤنٹ سے انتخابی اخراجات کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں