انتہائی افسوسناک خبر، 65پاکستانی جان کی بازی ہار گئے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ملک بھر میں مزید 2 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 65 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 41 ہزار 435 ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک میں مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص کے لیے کئے گئے ٹیسٹس کی مجموعی تعداد 78 لاکھ 89 ہزار 741 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 ہزار 179 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد وائرس کی کورونا کے مصدقہ مجموعی کیسز کی تعداد 5 لاکھ 43 ہزار214 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک ہزار 407 افراد نے کورونا کی وبا کو شکست دے دی ہے۔ اس طرح اب تک 4 لاکھ 98 ہزار 152 کورونا مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کی وبا نے مزید 65 افراد کی جان لے لی ہے ، جس کے بعد اس وبا سے لقمہ اجل بننے والوں کی تعداد 11 ہزار 623 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک میں کورونا کے مصدقہ فعال مریضوں کی تعداد 33 ہزار439 ہے جو اپنے گھروں، اسپتالوں یا خصوصی مراکز میں زیر علاج ہیں۔ ان میں 2 ہزار 111 کی حالت تشویشناک ہے۔اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 41 ہزار 255، خیبرپختونخوا میں 66 ہزار 679، سندھ 2 لاکھ 45 ہزار 663، پنجاب میں ایک لاکھ 56 ہزار 928، بلوچستان میں 18 ہزار 809، آزاد کشمیر میں 8 ہزار 972 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 908 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 4 ہزار 716 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 986، خیبر پختونخوا ایک ہزار 890، اسلام آباد میں 475، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 195 اور آزاد کشمیر میں 259 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔کورونا کی دوسری لہر کے دوران مثبت کیسزمیں نمایاں کمی ہوئی اور شرح تین اعشار نو فیصد ہوگئی ہے۔صورتحال دس نومبر سے قبل کے حالات کی جانب واپس آگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ اپریشن سینٹر کے مطابق کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 10.68 فیصد ہے۔ اسلام آباد میں 1.18فیصد، خیبرپختونخوا5.25، پنجاب5.97 اور سندھ میں مجموعی طور پر مثبت کیسز کی شرح 10.23 فیصد ہے۔آزاد کشمیر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5.97، بلوچستان3.52 اور گلگت بلتستان میں 0.56 فیصد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں