فواد عالم نے ٹیسٹ کرکٹ کی 68سالہ تاریخ کا منفرد ترین کارنامہ سرانجام دیدیا

کراچی (نیوز ڈیسک) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم نے قومی ٹیسٹ کرکٹ کی 68 سالہ تاریخ کا منفرد ترین کارنامہ سرانجام دیدیا ۔ نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے 33 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، اظہر علی اور فواد عالم 5،5 کے انفرادی سکور پر کریز پر موجود تھے اور پاکستان کو اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے 187 درکار تھے ۔دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔ 121 کے سکور پر جنوبی افریقی ٹیم 51 رنز بنانے والے اظہر علی کی وکٹ لیکر یہ شراکت توڑنے میں کامیاب ہوئی۔

فواد عالم اور اظہر علی نے 5ویں وکٹ کیلئے 94 رنزجوڑے ۔ اظہر علی کے بعد فواد عالم کا ساتھ نبھانے محمد رضوان میدان میں اترےاوردونوں نے سکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا ، اس دوران فواد عالم نے اپنی نصف سنچری سکور کی، 176 کے سکور پر رضوان 33 رنز بناکر پوویلین لوٹے ۔رضوان کے بعد فواد عالم اور فہیم اشرف نے تیزی سے سکور آگے بڑھایا اور 102 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس دوران فواد عالم نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی تیسری سنچری سکور کی اور فہیم اشرف نے نصف سنچری مکمل کی، 278 رنز پر فواد عالم 109 رنز بناکر پوویلین لوٹے، 295 رنز پر فہیم اشرف 64 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فواد عالم پاکستان کے پہلے بلے باز ہیں جنہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ نصف سنچری سکور کرنے سے قبل 3 سنچریاں سکور کی ہیں۔اس سے قبل گزشتہ روز جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا لیکن پروٹیز خلاف توقع بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے اور پوری جنوبی افریقی ٹیم 220 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ ڈیبیو کرنے والے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ 220 رنز کے جواب میں پاکستانی کھلاڑی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 33 کے مجموعی سکور پر پاکستان کے 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ عابد علی 4 ، عمران بٹ 9، بابر اعظم 7 اور نائٹ واچ مین شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں