کھوکھر پیلس گرانے کیلئےآنے والے سرکاری ملازمین کی کھانے سے تواضع

لاہور(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ کے ایم این اے ملک محمد افضل کھوکھر نے کھوکھر پیلس گرانے کے لیے آنے والے سرکاری ملازمین کو کھانا پیش کر کے ایک مثال قائم کر دی ہے ہے۔ایک طرف کھوکھر پیلس کے ملحقہ ان کی فیملی گھروں اور ان کی مارکیٹوں کو گرا کر حکومت اس پر قبضہ کر رپی تھی تو دوسری طرف ملک افضل کھوکھر کی طرف سے ایل ڈی اے کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو کھانا پیش کیا جا رہا تھا۔اس حوالے سے ملک محمد افضل کھوکھر کا کہنا تھا کہ ملازمین کا کیا قصور وہ تو سرکار کے حکم کے پابند ہیں جب کہ مہمان نوازی کرنا ہمارے خون میں شامل ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے لیگی رہنمائوں کھوکھر برادران کی ملکیتی تعمیرات کو گرانے کے معاملے کو قومی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاسوں میں اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے خلاف ہر سطح پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ،سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ اگر یہ قبضہ ہے تو یہ اعلیٰ عدلیہ نے کرایا ہے ، میں تیسرا خریدار ہوں اور ایک ایک مرلہ ہمارا املکیتی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق ، خواجہ عمران نذیر ، رمضان صدیق بھٹی سمیت دیگر رہنما کھوکھر برادران سے اظہار یکجہتی کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچے ۔ پولیس کی جانب سے لیگی رہنمائوں کو آگے جانے سے روکا گیا جس پر سعد رفیق او رخواجہ عمران نذیر کی پولیس اہلکاروں سے بحث اور تکرار بھی ہوئی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کھوکھر برادان پرانے ساتھی ہیں،ان کا جرم یہی ہے کہ یہ مسلم لیگ (ن)،پی ڈی ایم اورکاروان جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتنے کم ظرف حکمران ہم نے اپنی ساری زندگی میں نہیں دیکھے،ایک طرف تعاون کی بھیک مانگتے ہو اوردوسری طرف ہمارے ایم این اے اور ایم پی اے کے گھروں کو گراتے ہو،آپ اپنی غنڈہ گردی کا شوق پورا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا چور چور کا بیانیہ پٹ چکا ہے، آپ نے عدالتوں کے احکامات کے پر خچے اڑا دیئے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اس معاملے کو قومی اسمبلی او رپنجا ب اسمبلی کے اجلاسوں میں بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے او راس کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں