شنیرا اکرم میدان میں آگئیں ، ہوٹل کی مالک خواتین کو بڑا چیلنج کردیا

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان میں سماج کاموں میں بڑھ چڑھ کرکردار ادا کرنے والی اور سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے نجی ہوٹل کے مینجر کی انگریزی کا مذاق اڑانے والی خواتین کو انگریزی کا چیلنج دے دیا۔یاد رہے کہ اسلام آباد کے ریستوران کی مالکن خواتین کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دونوں خواتین اپنے مینجر کی انگریزی کا مذاق اڑاتی ہوئی نظر آرہی تھیں۔ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اورسوشل میڈیا صارفین کے ساتھ ملک کی معروف شخصیات نے بھی ان دونوں خواتین کو ملازم کی توہین کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سوشل میڈیا صارف آمنہ خان نے ویڈیو پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ چونکہ ہم مالک ہیں اور ہم بور ہورہے تھے اس لیے چلو ہم ایک بہترین ملازم کا مذاق اڑاتے ہیں جو ہمارے ساتھ 9 سال سے کام کررہا ہے۔ اس ٹوئٹ کے بعد اسی طرح کی مزید ٹوئٹس بھی دیکھنے میں آئیں۔دیگر سوشل میڈیا صارفین کے ساتھ شنیرا اکرم نے بھی ٹوئٹر پر ریستوران کی مالکن خواتین کی اس حرکت کی شدید مذمت کی اور ملازم کا دفاع کرتے ہوئے اسے ’’ ہیرو‘‘ قرار دیا۔شنیرا اکرم نے انسٹاگرام سٹوری پر وائرل ہونے والی ویڈیو شیئر کی اور دونوں خواتین پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی بورہورہی ہوں لہذا میں تم دونوں خواتین کو انگریزی کے مقابلے کا چیلنج دیتی ہوں۔واضح رہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں خواتین مالکان نے منیجر کا امتحان لیتے ہوئے اس سے انگریزی میں بات کرنے کو کہا تھا۔ایسے میں جب وہ منیجر ہچکچاہٹ کا شکار ہو کر روانی سے نہیں بول پایا تو ان مالکان نے اس کا تمسخر اڑایا کہ ’یہ ہمارے منیجر ہیں جو ہمارے ساتھ نو سال سے ہیں، اور تربیت کے باوجود یہ وہ بہترین انگلش ہے جو یہ بولتے ہیں‘۔سوشل میڈیا صارفین نے ان مالکانز کے میمز بنا ڈالے جبکہ انہوں نے مالکان سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کردیا۔دوسری جانب اس واقعے کے بعد سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر نے تضحیک کا نشانہ بننے والے منیجر کو نوکری کی پیشکش کردی اور کہا کہ ان کی منیجر اویس سے بات ہوگئی ہے، وہ پروفیشنل ہے اور پُرجوش ہے، معاملات بھی طے پاگئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں