حکومت مخالف تحریک ،استعفوں کے بعد لانگ مارچ بھی موخر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر مشتمل اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی طرف سے جاری حکومت مخالف تحریک میں استعفوں کے بعد لانگ مارچ کا فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ، اپوزیشن جماعتوں کا لانگ مارچ اب مارچ کے آخری ہفتہ میں ہوگا ، پی ڈی ایم جماعتوں میں اتفاق ہوگیا۔ میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ ی ڈی ایم رہنماوَں نے تجویز دی کہ لانگ مارچ سینیٹ انتخابات کے بعد ہونا چاہئیں ، پی ڈی ایم رہنماوَں کی طرف سے موسم اور سینیٹ انتخابات کے باعث لانگ مارچ موخر کرنے کی تجویز دی گئی ، جس میں کہا گیا کہ فروری میں سردی زیادہ ہوگی جس کے باعث کارکنان کیلئے مشکلات ہوں گی ، جب کہ مارچ میں سینیٹ انتخابات ہیں ، اس کی تیاری بھی لانگ مارچ کے باعث نہیں ہوسکے گی ، کیوں کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات میں

بھرپور طریقہ سے اترنا چاہتی ہے۔بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم رہنمائوں کی ان تجاویز کی روشنی میں حکومت مخالف تحریک میں استعفوں کے بعد لانگ مارچ کا فیصلہ بھی موخر کر دیا گیا ، لانگ مارچ کی نئی تاریخ کے حوالے سے اوزیشن جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ لانگ مارچ اب مارچ کے آخری ہفتہ میں ہوگا۔خیال رہےکہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو الٹی میٹم دیا تھا کہ31 جنوری تک مستعفی ہو جائے ورنہ یکم فروری کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو چلنے نہیں دیں گے،ان کے استعفے ساتھ لے کر جائیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول نے بھی کہا تھا کہ ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور سب ایک ہو کر اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو بھگائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں