مصباح الحق کو فارغ کردیا گیا، اینڈی فلاور قومی کرکٹ ٹیم کے نئےہیڈ کوچ ہونگے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔اپنے یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے شعیب اختر کا کہنا تھا کہ مصباح الحق کی چھٹی کا فیصلہ ہوچکا ہے اور ان کی جگہ نئے کوچ کو بھی تعینات کردیا گیا لیکن اینڈی فلاور بطور نئے ہیڈ کوچ پی ایس ایل 6 کے بعد اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔گزشتہ روز ہی پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں موجودہ کوچنگ اسٹاف کو برقرار رکھنے کیساتھ جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کے بعد کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا لیکن شعیب اختر کا کہنا ہے کہ کمیٹی کی کوئی اہمیت نہیں ہے اور وہ صرف

پی سی بی کی پالیسی کو آگے بڑھاتی ہے۔شعیب اختر کا کہنا تھا کہ اینڈی فلاور پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے چھٹے ایڈیشن کے بعد قومی ٹیم کو جوائن کریں گے اور وہ اپنا سیٹ اپ لائیں گے اور چہیتے کھلاڑیوں کی چھٹی کریں گے۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ وقار یونس اپنی نوکری بچانے کے لیے بھاگ دوڑ کر رہے ہیں، کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین بالر مصباح الحق کے ماتحت کام کر رہے ہیں مگر اب بھی انہیں ملازمت کے لالے پڑ جائیں گے۔واضح رہے کہ دو روز قبل پی سی بی نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں اس قسم کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں افواہ قرار دیا تھا، پی سی بی نے وضاحت کی تھی کہ مصباح کے عہدہ چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں