اسلام قبول کرنے کے بعد خاتون رکن اسمبلی کی پہلی عید

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو کسی اور مذہب میں پیدا ہوتے ہیں، مگر پھر اسلام کی حقانیت اور عالمگیر آفاقی سچائی کے پیغام سے متاثر ہو کر اس کے حلقہ میں شامل ہو جاتے ہیں۔ ہر سال پاکستان میں بھی ہزاروں افراد حلقہ بگوش اسلام ہو رہے ہیں۔ ایسی ہی ایک خاتون رومینہ خورشید عالم ہیں ، جن کا تعلق پاکستان مسلم لیگ ن سے ہے اوروہ اس قومی اسمبلی میں اپنی جماعت کی نمائندگی کر رہی ہیں۔کچھ عرصہ قبل اقلیتی مذہب سے تعلق رکھنے والی خاتون رُکن اسمبلی رومینہ خورشید عالم نے اسلام قبول کر لیا تھا، جس پر مسلم کمیونٹی کی جانب سے بہت خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔

اس بار رومینہ خورشید عالم نے بطور مسلمان اپنی پہلی عید منانے کی سعادت حاصل کی۔اس ایمان افروز احساس کو انہوں نے اپنے مسلم بہن بھائیوں کے ساتھ بھی شیئر کیا ہے۔ رومینہ نے قبول اسلام کے بعد اپنی پہلی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی اور عید پر کھل کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ قبول اسلام کے بعد یہ میری پہلی عید الاضحیٰ ہے،مسلمان بننے کا یہ سفر انتہائی خوبصورت ہے جس سے مجھے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ میں مزید سیکھ رہی ہوں۔آپ سب کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔رومینہ خورشید کے ٹویٹ پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کااظہارکیا اور ان کی مزید ترقی کے لیے بھی ڈھیر دعائیں کیں۔واضح رہے کہ رومینہ خورشید عالم 2013سے 2018 اور پھر 2018 سے تاحال قومی اسمبلی میں خواتین کے لیے مخصوص نشست پر رکن اسمبلی ہیں۔ ان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے اور رومینہ خورشید گوجرانوالہ میں 18جولائی 1976 کو پیدا ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں