ورچوئل ایکسپو اچھوتا خیال، کاروبار کیلئے نئی راہیں کھلیں گی، خلیل الرحمن قمر

لاہور(کامرس رپورٹر) ورچوئل (آن لائن) ایکسپو ایک اچھوتا خیال ہے اس سے کاروباری افراد کیلئے نئی راہیں کھلیں گی۔ ان خیالات کا اظہار نامور ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر نے ورچوئل ایکسپو کے بانی و چیف ایگزیکٹو نعیم ثاقب سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن نمائش (ورچوئل ایکسپو) کے ذریعے کورونا کے وبائی دور میں گھر بیٹھے صارفین تک مصنوعات کی رسائی کو ممکن بنایا جا سکتا ہے اور عصر حاضر کے جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ورچوئل ایکسپو کاروباری حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل کر رہی ہے۔
خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ نعیم ثاقب نے جہاں ٹی وی انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا وہیں وہ کاروباری دنیا میں ورچوئل ایکسپو کی صورت میں کامیابی کی طرف گامزن ہیں۔ورچوئل ایکسپو کے چیف ایگزیکٹو نعیم ثاقب کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ آج کے دور میں جہاں ہر چیز ڈیجیٹلائز ہو رہی ہے وہیں کاروباری افراد کو نئے راستوں پر چلتے ہوئے ترقی کی جانب بڑھنا چاہئے۔ملاقات میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی اور نعیم ثاقب نے معروف ڈرامہ رائٹر خلیل الرحمن قمر کا ورچوئل ایکسپو کے ہیڈ آفس کا دورہ کرنے اور نیک خیالات پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں