پاکستان اندھیرے میں ڈوبا ہے اوروجہ کسی کو معلوم نہیں

اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اندھیرے میں ڈوبا ہے اور کسی کو معلوم نہیں کہ ایسا کیوں ہوا ہی ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ نااہل، نالائق حکومت کو کچھ علم نہیں، وزراء اور ترجمانوں کی فوج عملی اور علامتی دونوں طور پر اندھیرے میں ہے،نااہلی کی ایک قیمت اور سزا ہے جسے آج ہم پوری قوم ادا کر رہے ہیں،افسوس پاکستان عملی اور علامتی دونوں طور پر آج اندھیرے میں ڈوب چکا ہے۔دوسری جانب مختلف شہروں میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کے سبب ملک اندھیرے میں ڈوب گیا جس کے بعد پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی بحالی شروع ہوگئی ہے۔

رات بارہ بجے کے قریب ملک کے مختلف شہروں میں بیک وقت بجلی کی فراہمی بند ہوگئی اور ملک کا 70 فیصد اندھیرے میں ڈوب گیا۔ترجمان توانائی ڈویژن نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق گِدو میں 11 بج کر 41 منٹ پر فالٹ پیدا ہوا۔ فالٹ نے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ کی اور جس کی وجہ سے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوینسی 50 سے صفر پر آگئی اور ملک میں بجلی کا بلیک آؤٹ ہے۔فریکونسی گرنے کی وجہ جاننے کی کوشش کی جارہی رہی ہے۔ اس وقت تربیلا کو چلانے کی کوشش ہو رہی ہے جس سے ترتیب وار بجلی کا نظام بحال کیا جائے گا۔ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ فریکوینسی کے یک دم صفر پر آنے کی وجہ سے گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرگئے اور بجلی بند ہوگئی۔ فریکوینسی بحال ہوتے ہی پاور اسٹیشن بھی بحال ہوجائیں گے اور بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بریک ڈاؤن سے متعلق غیر مصدقہ خبروں اور افواہوں پر کان نہ دھرا جائے، بریک ڈاؤن کا سبب معلوم کرلیا گیا ہے اور بجلی کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اس وقت وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان بجلی کی فراہمی کے لیے جاری کام کی نگرانی کرنے کے لیے نیشنل پاور کنٹرول سینٹر میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں