سعودی شاہی خاندان میں ایک ہفتے کے دوران ایک اور شہزادی چل بسی

ریاض(نیوز ڈیسک) شہزادی طرفہ بنت ھذلول بن عبدالعزیز آل سعود کا جمعہ کو انتقال ہوگیا۔ نماز جنازہ سنیچر 9 جنوری کو ریاض میں ادا کی جائے گی۔سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادی طرفہ بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کے 32 ویں بیٹے شہزادہ ھذلول بن عبدالعزیز کی بیٹی تھیں اور یہ 13 بہن بھائی تھے۔ سعودی میڈیا کے مطابق شہزادی طرفہ بنت ھذلول ماہر قانون تھیں۔ خواتین کے امور میں گہری دلچسپی لیتی تھیں۔ وہ ٹی وی پروگراموں میں سعودی خواتین سے متعلقہ امور اجاگر کیا کرتی تھیں۔ شہزادی طرفہ نجران کے ڈپٹی گورنر شہزادہ ترکی بن ھذلول کی سگی بہن تھیں۔ وہ ایک عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔ شہزادی طرفہ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں اور لوگوں کی مدد

کرکے خوشی محسوس کرتی تھیں۔واضح رہے کہ شہزادہ خالد بن فیصل بن سعد الاول گزشتہ روز اتوار کو انتقال فرما گئے تھے۔ ایوان شاہی کے مطابق شہزادہ خالد بن فیصل رشتے میں بانی مملکت شاہ سعود کے نواسے تھے۔شہزادہ خالد کی والدہ شہزادی سارہ شہزادہ سعد الاول کی بیٹی تھیں۔ شہزادہ سعد الاول بانی مملکت شاہ سعود کے سگے بھائی تھے۔ گزشتہ ہفتے سعودی شہزادہ متعب بن عبداللہ بن عبدالعزیز آل سعود کی والدہ کا انتقال ہو گیا تھا۔اس سے چند روز قبل شہزادی حصہ بنت فیصل بن عبد العزیز کا انتقال ہوا تھا جو عالم اسلام کے مشہور رہنما اور سابق سعودی فرمانروا شاہ فیصل بن عبدالعزیز کی صاحبزادی تھیں۔اس سے چند ہفتے پہلے سعودی شہزادہ نواف بن سعید بن سعود بن عبدالعزیز السعود انتقال فرما گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں