افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نےمیتوں پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی

کوئٹہ (نیوزڈیسک) ترجمان بلوچستان حکومت نے اپوزیشن پر پوائنٹ اسکورنگ کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ توقع تھی کہ مریم نواز اور بلاول بھٹو مچھ سانحے کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھیں گے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ دونوں رہنماؤں نے میتوں پر بھی پوائنٹ اسکورنگ کی ہے۔ کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ آج اپوزیشن رہنما کوئٹہ آئے، لواحقین سے ملے، ہمیں توقع تھی کہ اپوزیشن رہنما لواحقین کے زخموں میں مرہم رکھیں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، اپوزیشن رہنماؤں نے دبے الفاظ میں سیاست کی، محترمہ مریم نواز شریف،

بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے ذمہ داری دکھانا چاہیے تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ ہزارہ برادری کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ہم یقین دلاتے ہیں کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے، حکومت بلوچستان جلد افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر تک پہنچے گی، ہزارہ برادری کو ہر طرح سے سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی گزشتہ روز دھرنے پر گئے انہوں نے بھی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی، ایک بار پھر ہم کہتے ہیں کہ برائے کرم میتوں کی تدفین کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت نے مچھ واقعے میں جا ں بحق کان کنوں میں اپنے شہریوں کی تصدیق کی ہے اور میتوں کی حوالگی کے حوالےسے درخواست کی ہے۔سانحہ مچھ کے متاثرین کا دھرنا پانچویں روز بھی جاری ہے اور متاثرین نے وزیراعظم کے آنے تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔شہدا کے لواحقین کے ساتھ مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں جس میں حکومت کو کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے آنے تک اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ ہزارہ برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی میں بھی17 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے آنے تک اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ گزشتہ روز وزیراعظم نے بھی درخواست کی تھی کہ میتوں کو دفنا دیں میں ہزارہ برادری سے ملنے ضرور آؤں گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں