حکومت کا ہزاروں آئمہ مساجد کو ماہانہ اعزازیہ دینے کا اعلان

پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے صوبے بھر کے آئمہ کرام کو اعزازیہ دینے کا اعلان کردیا۔وزیراعلی محمود خان کی زیر صدارت محکمہ اوقاف کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تقریبا 22 ہزار آئمہ مساجد کو 10 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دیا جائے گا۔ ان اعزازیوں پر ماہانہ تقریبا 22 کروڑ 72 لاکھ جبکہ سالانہ ڈھائی ارب سے زائد خرچ کئے جائیں گے۔وزیراعلی کی خصوصی ہدایات پر صوبے میں ضم قبائلی اضلاع کے ائمہ مساجد کو بھی اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محمود خان نے ہدایت کی کہ اگلے مالی سال کے آغاز سے آئمہ کرام کو

اعزازیوں کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات ہر لحاظ سے مکمل کئے جائیں۔محمود خان نے یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے بھر کے مساجد اور مدارس کو شمسی توانائی کی فراہمی کے علاوہ ان کی دیگر ضروریات بھی ترجیحی بنیادوں پر پورے کی جائیں۔یہاں واضح رہے کہ یہ وظیفہ صرف ایسی جامعہ مساجد میں خدمات دینے والے آئمہ کرام کو دیا جائے گا جہاں باقاعدگی کے ساتھ جمعہ کی نماز ادا کی جاتی ہے ، صوبائی حکومت نے یہ منصوبہ سال2018 میں شروع کیا ، جس کے لیے صوبے بھر سے 58 ہزار کے قریب آئمہ کرام کا ڈیٹا بھی جمع کیا گیا جب کہ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے صوبائی محکمہ خزانہ کی طرف سے آئمہ کرام کو وظیفے کی ادائیگی کے لئے اکائونٹس کھولنے سمیت مروجہ طریقہ کار وضع کرنے کے لئے اکائونٹنٹ جنرل خیبر پختونخوا سے رابطہ بھی کیا گیا۔دوسری طرف صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں پرائمری طلبا کے لیے اسکالرشپ اسکیم کی رقم منظور کر لی گئی ، اسکالر شپ کی مد میں 2 ارب 95 کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ، 70 فیصد حاضری پر لڑکیوں کو ایک ہزار اور لڑکوں کو 500 روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا ، صوبائی حکومت کی طرف سے اسکالر شپ کی رقم کی منظوری ایڈیشنل چیف سیکریٹری شکیل قادر کی زیر صدارت صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں دی گئی ، جبکہ سیکنڈری اسکولز کے طلبا کے لیے بھی ایک ہزار ماہانہ وظیفے کے لیے 76 کروڑ روپے کی اسکالرشپ اسکیم منظور کرلی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں