دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی تحریک سے نہیں روک سکتی، کشمیری رہنما بیرسٹر ندا

اسلام آباد(پی کے نیوز) کشمیری رہنما بیرسٹر ندا نے کہا ہے کہ 5 جنوری کا دن کشمیریوں کی تحریک میں اہمیت کا حامل ہے،آج کے دن کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خود ارادیت کو تسلیم کیا گیا، اسلام آباد سے جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پانچ جنوری یوم حق خود ارادیت ہے اور کشمیری سات دہائیاں گزرنے کے باوجود اپنے مطالبے پر قائم ہیں، کشمیری خاتون رہنما کا کہنا تھا کہ 1949 میں اسی روز اقوام متحدہ نے کشمیریوں کے حق میں قرار داد منظور کی ،قرار داد میں کشمیریوں کو اپنی مرضی سے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا،

سات دہائیاں گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہے،خاتون کشمیری رہنما کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہے ہیں، ڈیڑھ سال سے بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ کررکھا ہے، تمام کشمیری لیڈرشپ کو جیلوں میں رکھا گیا ہے،لیکن بھارت کے تمام تر مظالم اور انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کے باوجود کشمیری اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے، ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کو حق خود ارادیت کی تحریک سے نہیں روک سکتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں