پی ڈی ایم فارغ ہوچکی ‘ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، وزیراعظم

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم فارغ ہوچکی ہے اور اپنی موت آپ مررہی ہے ، حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی طرف سے پارٹی ترجمانوں کو اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے اور حکومت کی معاشی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کی ہدایت کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم فارغ ہوچکی اور اپنی موت آپ مررہی ہے ، اپوزیشن کی پوری تحریک این آر او کے لیے ہے جو نہیں دوں گا ، پی ڈی ایم نے کورونا کے دنوں عوام کی زندگی سے کھیلنے کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ کمزور معیشت کو درست ٹریک پر لگا دیا ہے،

تمام معاشی اشاریے درست سمت میں ہیں، نئے سال میں کارکردگی مزید بہتر کرنے اور ڈیلیوری پر توجہ ہوگی۔اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ریاستی ادارے سیاسی دباَو کے بغیر آزادانہ کام کریں تو قوم کا فائدہ ہوتا ہے ، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے لکھا کہ نیب نے 2019ء اور 2020ء میں 389 ارب روپے کی ریکوری کی ، جب کہ اسی نیب نے 2008ء سے 2018ء تک صرف 104 ارب روپے ریکور کیے اور بدعنوان حکمرانوں کے 10 سالہ دور میں صرف 3 ارب روپے ریکور کیے گئے۔وزیراعظم نے لکھا کہ ایک بار پھر پنجاب میں اینٹی کرپشن نے 27 ماہ میں 206 ارب روپے کی وصولی کی ، یہ واضح اشارہ ہے کہ احتساب تب ہوتا ہے جب ادارے آزادانہ کام کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں