مچھ میں فرقہ ورانہ دہشتگردی کی واردات حکومتی بےحسی کا ثبوت ہے،مریم نواز

لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہےکہ مچھ میں فرقہ ورانہ دہشتگردی کی واردات حکومتی بےحسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایسی حکومت کو عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں، جس کو کام آتا ہو اور نہ ہی زخموں پر مرحم رکھنا آتا ہو۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مچھ میں فرقہ ورانہ دہشتگردی کی قابل مذمت واردات وفاقی اور صوبائی حکومت کی سنگ دلی، بےحسی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔نہ کام آتا ہے اور نہ ہی زخموں پر مرحم رکھنا آتا ہے۔ ایسی حکومت کو عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں۔ پوری قوم کی ہمدردیاں اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

قائد ن لیگ نواز شریف نے بھی گزشتہ روز مچھ میں دہشتگردی واقعے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ مچھ میں معصوم کان کنوں کا بہیمانہ قتل اس بات کا ثبوت ہےکہ دہشتگردی کے جس فتنے کو مسلم لیگ ن نے کچل دیا تھا وہ پھر سر اٹھا رہا ہے۔معیشت کی تباہی، مہنگائی، بےروزگاری، بدامنی اور خارجہ امور پر مسلسل ناکامی اور اب آگ اور خون کا یہ کھیل۔ ووٹ چوری کرکے ایک نااہل کو مسلط کرنے والوں کو جواب تو دینا ہوگا۔ واضح رہے گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں نامعلوم افراد نے11کان کنوں کواغواء کرنے کے بعد تیز دھار آلے کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر کچھی مراد کاسی کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے مچھ کے علاقے گشتری میں مقامی کوئلہ کان میں کام کرنے والی11 مزدوروں کو ان کے رہائشی کمروں سے اغواء کرلیا اور قریب ہی واقعہ ایک مکان میں لے جا کر ہاتھ پاؤں اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تیز دھار آلے کے وار کرکے انہیں قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور سیکورٹی فورسز کی بھار ی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں 10 افراد کی شناخت محمد ہاشم،عزیز، انور ، احمد شاہ، محمد صادق، چمن علی، حسن جان ، عبداللہ، آصف کے ناموں سے ہوئی ہے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے سربراہ سید دائود آغا نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے تمام 11افراد کا تعلق ہزارہ برادری سے تھا اور وہ ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے رہائشی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں